ماہ محرم دین کی خاطر سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتا ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: معروف مذہبی اسکالرو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ محرم اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے، ماہ محرم دین کی خاطر سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتاہے ، صحابہ کرامؓ سے محبت ایمان کا حصہ ہے واقعہ کربلا انسانی تاریخ کا عظیم سانحہ اور ناقابل فراموش ہو، حضرت عمرؓ کی طرزحکمرانی سے ہی ملکی موجودہ مسائل سے نجات مل سکتی ہے۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہاکہ حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت ، واقعہ کربلا محرم کے دلخراش واقعات ہیں اس لحاظ سے محرم انتہائی اہمیت کاحامل ہے، حضرت عمرؓ مراد نبی اور اسلام کے شان وشوکت ہیں ان کے زمانے میں اسلامی سلطنت کو وہ عروج ملا جس کو تاریخ کبھی نظرانداز نہیں کرسکتی۔

دنیا آج خلفائے الراشدین کے دور کے انصاف کی مثالیں دیتی ہیں اپنے برائے سب اس کا اعتراف کرتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ صحابہ واہل بیتؓ سے محبت ایمان کا حصہ ہے واقعہ کربلا انسانی تاریخ کی وہ عظیم قربانی ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، حضرت حسینؓ نے حق پر ڈٹ کر ثابت کردیا کہ مسلمان حق کیلئے خاندان ، قبیلے ،اوررشتہ داری کی پروا نہیں کرتا بلکہ حق کیلئے جان کی قربانی پر فخر محسوس کرتاہے ،انہوں نے کہاکہ محرم الحرام امت مسلمہ کو اخوت اور دین اسلام کی خاطر ہرقسم کی قربانی کادرس دیتاہے لیکن افسوس کیساتھ کہناپڑتاہے کہ ماہ محرم آتے ہی وطن عزیز میں فرقہ پرستی کو ہوا دی جاتی ہے اس لئے حکومت ملک بھر میں قیام امن و ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے دیر پا اقدامات کی طرف توجہ دے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور عوام پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شرپسندعناصر کے شر سے محفوظ رہتے ہوئے ان کی جانب سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈوں اور افواہوں پر کان نہ دھریں ، امن وامان کی بحالی اور بھائی چارگی کی فضا قائم کرنے کیلئے بلند کردار ادا کرکے محب وطن ہونے کا ثبوت دیں۔مفتی محمدنعیم نے کہاکہ حکومت اورقانون نافذکرنے والے ادارے ہمیشہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات کادعوی کرتے ہیں اورہرباریہ دعوے بے سود ثابت ہوتے ہیں حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور عوام کے حقیقی معنوں میں تحفظ کو یقینی بنایا جائے کیونکہ عوام کے جان ومال اوردیگرعوامی مقامات مساجد،امام بارگاہوں کی حفاظت کی ذمہ داری بھی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔