ملک بھر میں یوم علیؓ کے موقع پر جلوس، سخت سیکیورٹی انتظامات

Hazrat Ali Day

Hazrat Ali Day

کراچی (جیوڈیسک) ملک بھر میں یوم حضرت علیؓ کی مناسبت سے جلوس نکالے جا رہے ہیں ، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ملتان میں مرکزی جلوس امام بارگاہ کاشانہ حیدریہ جبکہ لاہور میں مرکزی جلوس مبارک حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوگیا ، کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔لاہور میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوگیا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہواگامے شاہ کربلا پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے راستے پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔جلوس کی سیکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے، رینجرز کی دو کمپنیاں اور ایلیٹ فورس کی گاڑیاں کوئیک رسپانس کے طورپر گشت کررہی ہیں، جلوس کے روٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں اور ملحقہ راستوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کردیا گیا ہے۔

کراچی میں یوم علیؓکاجلوس شاہ خراسا ں نمائش سے شروع ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا ، حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی کیلئے 11 ہزارپولیس اہلکارتعینات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کے راستے میںبلندعمارتوں پرپولیس کے ماہرنشانہ باز بھی تعینات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جلوس کےمرکزی راستےبم ڈسپوزل اسکواڈ سےکلیئرکرائے جائیں گے۔پشاور میں یوم علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی ریڈ الرٹ ہے۔ مرکزی جلوس آج رات گیارہ بجےامام بارگاہ اخون آباد سے برآمد ہوگا۔ پولیس حکام کے مطابق شہر میں ریڈالرٹ جاری کردیاگیا ہے۔ جلوسوں کی سیکیورٹی کےلئے دو ہزار پولیس نفری تعینات کی گئی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق جلوسوں کی برآمدگی سے قبل بم ڈسپوزل یونٹ اور سراغ رساں کتے جلوس کے راستوں پر سرچ کریں گے۔ جلوس کے روٹ پردکانیں بھی بند رکھی جائیں گی۔

پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کی بناء پردفعہ 144 کے تحت ضلع بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر تین دن کےلئے پابندی عائد کردی ہے۔ پشاور میں دوپہر دو بجے اہلسنت و الجماعت گھنٹہ گھر سے ریلی نکالے گی، جبکہ مرکزی جلوس رات گیارہ بجے امام بارگاہ اخون آباد سے برآمد ہوگا۔کوئٹہ میںیوم علی ؓ کا مرکزی جلوس رات تقریباً ساڑھے نو بجے علمدار روڈ پر واقع پنجابی امام بارگاہ سے برآمد ہوگا اور میکانگی روڈ ،آرٹ اسکول روڈ ،پرنس روڈ سے ہوتا ہوا واپس میکانگی روڈ پہنچ کرامام بارگاہ نیچاری میں اختتام پزیر ہوگا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ماتم جلوس کی سیکورٹی کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے، مقرر راستوں پرمجموعی طور22 سو سیکورٹی اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ملتان میں یوم شہادت علی ؓکے جلوس برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔مرکزی جلوس امام بارگاہ کاشانہ حیدری سے برآمد ہوکر منزل کی جانب رواں دواں ہے۔