ملتان کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا

Multan Election

Multan Election

ملتان (جیوڈیسک) ملتان کے حلقہ پی پی 196 کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رانا محمود الحسن 30193 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ تحریک انصاف کے رانا عبدالجبار 19194 ووٹ لے کر دوسرے اور پیپلز پارٹی کے حسین آرائیں 6531 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

رانا محمود الحسن کی جیت کی خبر ملتے ہی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کارکنوں نے اپنے امیدوار کی فتح کی خوشی میں ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، مٹھائی بھی تقسیم کی گئی جبکہ آتشبازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ پی پی 196 میں انتخابی عمل اور لڑائی جھگڑے ایک ساتھ شروع ہوئے۔ حلقے کے کئی پولنگ سٹیشنز سارا دن میدان جنگ بنے رہے۔

کہیں امیدواروں کے حامی مخالفین کو نیچا دکھانے کی کوشش میں رہے تو کہیں ووٹروں نے اپنا حصہ خوب ڈالا۔ پولنگ سٹیشن نمبر 16 پر خواتین کی مڈھ بھیڑ ہوئی تو پولنگ ہی روک دی گئی۔ خواتین کے پولنگ سٹیشن پر امیدواروں کے حامیوں اور پولیس کے درمیان تکرار بھی سارا دن چلتی رہی۔ پولنگ سٹیشنز نمبر 98 پر (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان نعرہ بازی کا مقابلہ ریسلنگ میں بدل گیا۔ فریقین پہلے گتھم گتھا ہوئے پھر ایک دوسرے پر تھپڑ اور مُکے برساتے رہے۔ تصادم کے باعث پولنگ کا عمل بھی معطل ہو گیا۔

امن وامان برقرار رکھنے کیلئے تعینات پولیس اہلکار یوٹی بھول کر مسجد میں نیند کے مزے لیتے رہے۔ ٹمبر مارکیٹ اور رنگیل پور سمیت کئی پولنگ سٹیشنز پر اسلحہ کی کھلے عام نمائش بھی انتظامیہ کا منہ چڑاتی رہی۔