ملتان، لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات کے لیے پولنگ، سیکیورٹی سخت

 Lahore High Court Bar

Lahore High Court Bar

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ پولنگ کے لیے 21 ہزار وکلا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ لاہور، ملتان اور دیگر شہروں میں پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے رینجرز اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ بار کی صدارت کے لیے عاصمہ جہانگیر گروپ کے رمضان چوہدری، حامد خان گروپ کے چوہدری ذوالفقار، پیپلز پارٹی کے لطیف کھوسہ کے صاحبزادے خرم لطیف کھوسہ اور آزاد امیدوار آذر لطیف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

نائب صدارت کے لیے سینئر قانون دان چوہدری محمد سلیم اور نوجوان وکیل راشد لودھی کے درمیان مقابلہ ہے۔ سیکریٹری کے لیے 5 امیدوار میدان میں ہیں۔ رجسٹرڈ وکلا بائیومیٹرک اور غیر رجسٹر وکلا مینوئل طریقے سے ووٹ ڈال رہے ہیں۔

ملتان ہائی کورٹ بار کے لیے بھی پولینگ شروع ہو گئی ہے۔ انتخابات میں 6 ہزار 23 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

ملتان ہائی کورٹ بار کے سالانہ انتخابات میں 5 نشستوں پر 12 امیدوارمد مقابل ہیں۔ صدارت کی نشست پر شیر زمان قریشی اور سید جعفر طیار بخاری میدان میں ہیں ۔ جنرل سیکریٹری کی نشستوں پر 4 امیدوار عبدالسلام علوی ، چودھری محمد اشرف ، شیخ تنویر اور ندیم فرید کے درمیان مقابلہ ہے۔ مجلس عاملہ کے 7 ممبر بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

پولنگ کے لئے 20 بوتھ بنائے گئے ہیں ۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ہائی کورٹ کی عمارت کو چاروں جانب سے پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔ ہائی کورٹ چوک سے ایس۔ پی چوک تک روڈ ٹینٹ لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔