ملتان : پندرہ منٹ، تین وارداتیں، شو روم اور فلور مل کو لوٹ لیا گیا

Robbery

Robbery

ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں پندرہ منٹ کے دوران ڈکیتی کی تین وارداتیں، ڈاکو 2 شو روم اور ایک فلور مل سے آٹھ لاکھ روپے لوٹ کر رفو چکر ہوگئے ۔ دنیا نیوز نے فلور مل میں ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔

ملتان میں 15 منٹ کے وقت کے دوران دو ڈاکوؤں نے دو شو روم اور ایک فلور مل کو لوٹ لیا ۔ 70 سی سی موٹر سائیکل پر ہیلمٹ اور ماسک پہنے ہوئے دو ڈاکو اسلحے کے ساتھ سب سے پہلے ڈیرہ اڈا چوک کے قریب موٹر سائیکلوں کے شو رومز میں داخل ہوئے اور دو لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ لی تاہم ڈاکوؤں نے جاتے ہوئے فائرنگ کر کے شو روم میں کام کرنے والی خاتون اور ایک شخص کو زخمی کر دیا۔

چند ہی منٹوں کے بعد ڈاکو گجر کھڈہ کے علاقے میں واقع فلور مل میں پہنچے اور اسلحے کے زور پر مینجر کے کمرے میں داخل ہو کر 6 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ لی۔ ڈاکو اسلحے کے زور پر مل میں داخل ہو رہے ہیں اور ملازمین کو تشدد کا نشانہ بھی بناتے ہیں ۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دوران ڈکیتی ایک شخص بے فکر چائے پی رہا ہے جو مل ملازم ہے۔

پولیس نے مل ملازم کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد ٹریس کر لیا جائے گا۔