ممبئی حملہ کیس : بھارتی عدالت نے ڈیوڈ ہیڈلی کو وعدہ معاف گواہ بنا دیا

Mumbai Attack

Mumbai Attack

ممبئی (جیوڈیسک) پاکستانی نژاد امریکی لشکرطیبہ کے دہشت گرد ڈیوڈ کولمن ہیڈلی کو ممبئی کی عدالت نے 26/11 ممبئی دہشت گرد حملہ کیس میں معافی دیتے ہوئے اسے وعدہ معاف گواہ بنادیا ہے۔ بھارتی میڈیاکے مطابق ڈیوڈ ہیڈلی 8 فروری 2016 کو استغاثہ کے گواہ کی حیثیت سے بیان دے گا۔

ڈیوڈ ہیڈلی اس وقت ممبئی دہشت گرد حملوں کے سلسلہ میں اپنے رول کیلئے امریکہ میں 35 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ گزشتہ روزسیشن کورٹ نے نامعلوم مقام سے ویڈیو رابطہ کے ذریعہ ڈیوڈ ہیڈلی کا بیان قلمبند کیا۔

اسے معافی دینے پر اس نے وعدہ معاف گواہ بن کر تمام حقائق پیش کرنے کا وعدہ کر لیا۔ خصوصی وکیل سرکار اجول نکم نے عدالت کو بتایا کہ استغاثہ کو ہیڈلی کی پیشکش قابل قبول ہے، جس کے بعد جج جی اے سانپ نے ڈیوڈ ہیڈلی کو گواہ بنایا اور یہ فیصلہ بعض شرائط کے تحت کیا جس کے بعد اسے معافی بھی دی گئی۔

ڈیوڈ ہیڈلی نے عدالت کے سامنے بتایا کہ ممبئی حملہ کیس میں اپنے رول کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ میں یہ بھی قبول کرتا ہوں کہ وعدہ معاف گواہ کی حیثیت سے ہر ایک سوال کا جواب دینے کیلئے تیار ہوں۔

عدالت سے تعاون کروں گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی عدالت کے اس اقدام سے پاکستان کیخلاف ممبئی حملوں کے حوالے سے بے بنیاد مزید الزامات لگائے جا سکتے ہیں۔