ٹائیگر زندہ ہے نے گول مال کا ڈبہ گول کر دیا

Tiger Zinda Hai

Tiger Zinda Hai

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور کترینہ کیف کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘نے 7 دنوں میں 200 کروڑ سے زائد کما لیے۔

بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اوراداکارہ کترینہ کیف کی فلم’ٹائیگرزندہ ہے‘کی کامیابی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ فلم کو ریلیز ہوئے سات دن ہوگئے ہیں لیکن سینماؤں میں شائقین کی تعداد میں کمی نہیں آرہی ہےاور فلم تیزی سے کامیابی کی جانب بڑھ رہی ہے۔

معروف بھارتی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ’باہوبلی2‘ کے بعد’ٹائیگر زندہ ہے‘ 2017 کی سب سے زیادہ تیزی سے 100 کروڑ کلب میں شامل ہونے والی فلم بن گئی ہے اور فلم نے ریلیز کے صرف سات دنوں میں 200 کروڑ سے زائد کی رقم کمالی ہے۔

جب کہ بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئٹ کی ہے کہ فلم نے سات دنوں میں 206 کروڑ 4 لاکھ کماکراجے دیوگن کی’گول مال اگین‘ کے اب تک کے بزنس 205 کروڑ کا ریکارڈ ایک جھٹکے میں توڑدیا۔ یاد رہے کہ 150 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی فلم ریلیز کے صرف سات دنوں میں اپنی لاگت پوری کرچکی ہے لہٰذا اس کاشمار رواں سال کی سپر ہٹ فلموں میں کیا جارہا ہے۔

ہدایت کارعلی عباس ظفرکی فلم’ٹائیگرزندہ ہے‘دراصل 2012 میں ریلیزہوئی فلم’ایک تھا ٹائیگر‘کا سیکوئل ہے جس میں سلمان اور کترینہ نے بھارتی اور پاکستانی ایجنٹ کا کردارنبھایا تھا۔ ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کہ کہانی وہیں سے شروع ہوتی ہے جہاں سے ’ایک تھا ٹائیگر‘ کی ختم ہوئی تھی اس فلم میں سلمان اور کترینہ 40 نرسوں کو دہشتگردوں کے چنگل سے بچاتے ہوئے نظرآرہے ہیں۔

واضح رہے کہ سلمان خان نےچند روز قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے فلم کی کامیابی کا سہرا کترینہ کیف کے سر سجاتے ہوئے کہا تھا کہ کترینہ کی موجودگی کے باعث فلم کامیاب ہوئی ہے۔