بلدیاتی انتخابات: عمران خان پارٹی کارکردگی پر برہم، بھرپور تیاری کی ہدایت

PTI Meeting

PTI Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) بنی گالہ میں تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں نے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، چوہدری سرور، عارف علوی اور نعیم الحق شامل تھے۔ اس بیٹھک میں پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے دونوں صوبوں بالخصوص لاہور کے انتخابات میں پارٹی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور لاہور کے آرگنائزر شفقت محمود کا استعفیٰ بھی منظور کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں چوہدری سرور نے پنجاب جبکہ عارف علوی نے سندھ کے الیکشن پر رپورٹ پیش کی۔

چوہدری سرور کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے قصور اور فیصل آباد میں اچھی کارکردگی دکھائی اور فیصل آباد سمیت کئی جگہوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں نے سخت مقابلہ کیا۔ تاہم پولیس اور انتظامیہ نے نون لیگ کے حق میں کھلی دھاندلی کرائی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مرحلے کیلئے بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کی اور تمام پارٹی آرگنائزرز کو ہدایت کی کہ حلقوں میں جا کر عوام سے رابطے بڑھائیں۔