ناتھا خان گوٹھ میں بلدیاتی مسائل اور پانی کے شدید بحران پر عوام کا احتجاج

Water Crisis

Water Crisis

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ناتھا خان گوٹھ میں بڑھتے ہوئے بلدیاتی مسائل اور عرصہ دراز سے پانی کی عدم دستیابی پر عوام کا شدید احتجاج ،عوام کا صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو سے ناتھا خان گوٹھ میں عوامی مسائل پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرین نے کہاکہ واٹرو اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیہ کورنگی کے افسران ناتھا خان گوٹھ کے عوام سے سوتیلی ماں کا سلوک بند کریں۔

ناتھاخان گوٹھ میں تعمیر و ترقی اور علاقائی سطح پر بنیادی مسائل سے عوام کو نجات دلانے کے لئے اقدامات کریں اگر ناتھا خان گوٹھ کے عوامی مسائل پر متعلقہ ادارے اور افسران رو گردانی کا سلسلہ جاری رکھنے کا سلسلہ ترک نہ کیا تو واٹر اینڈ سوریج بورڈ اور بلدیہ کورنگی کے دفاتروں پر پر زو احتجاج کیا جائے گا۔

احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء جمن پہنور ،راجہ پرویز ،رانا مختار ،ساجد اعوان ،ممتاز ایڈوکیٹ اور آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناتھا خان گوٹھ اداروں کی عدم توجہی کی وجہ سے مسائل کے دلدل میں تبدیل ہوچکا ہے اداروں کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے تعمیر و ترقی تو کجا علاقہ کچرے کی ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے۔

عرصہ دراز سے عوام پینے کے پانی جیسے بنیادی سہولت سے محروم ہیں جس کی وجہ سے عوام میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو سے اپیل کی ہے کہ ناتھا خان گوٹھ کی عوم کو مسائل کے عذاب سے نجات دلانے کے لئے فوری ایکشن لیتے ہوئے اداروں کو احکامات جاری کریں۔