ڈیڑھ ماہ قبل ہونے والے قتل کا معمہ حل، 15 سو روپے کے تنازعہ پر مزدور نے مالک کو قتل کیا

Killing

Killing

قصور (محمد عمران سلفی سے) تھانہ بی ڈویژن پولیس نے ڈیڑھ ماہ قبل جماعت پورہ میں کباڑخانے کے مالک ذاکر خاں کے قتل کا معمہ حل کر کے ملزم فیاض کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

ملزم نے صرف 1500 روپے کے لین دین کے تنازعہ پر مالک کو قتل کیا ۔ڈی ایس پی سٹی محمد اکرام خان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مدعی ماجد خاں ولد گل زریں خاں نے 22 فروری کو مقدمہ درج کروایا کہ میرا بھانجا ذاکر خاں کباڑ خانے کا کاروبا ر کرتا تھا وہ 21 فروری کو گھر سے کباڑخانے گیا لیکن واپس نہ آیا تلاش کرنے پر اس کی نعش دکان سے ردی اور بوتلوں کے توڑوں کے نیچے سے ملی جس کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے جس کو نامعلوم ملزمان نے قتل کردیا ہے۔

جس پر فوری طور تھانہ بی ڈویژن میں مقدمہ درج رجسٹر کیا گیا اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈی پی او قصور سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او بی ڈویژن ،سب انسپکٹر افتخار احمد انچارج ہومیسائیڈ یونٹ و دیگر ملازمان پر مشتمل تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے جدید اور سائیٹفک بنیا دوں پرکام کرتے ہوئے ہر اینگل سے تفتیش کی اور شک گزرنے پر دکان پر کام کرنے والے مزدور فیاض عرف فیاضی کو شامل تفتیش کیا۔

جس نے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ 21 فروری کی رات میرا مالک ذاکر خاں کے ساتھ 1500 روپے کے لین دین کے تنازعہ پر جھگڑ ا ہوگیا تھا میں نے ذاکر خاں کو دکان پر اکیلا پا کر اسکے سر میں کلہاڑی کے دستہ کے وار کر کے قتل کر دیا اور اسکی نعش ردی اور بوتلوں کے توڑوں کے نیچے چھپا دی۔اس طرح تھانہ بی ڈویژن پولیس نے انتہائی قلیل وقت میں قتل کا معمہ حل کر کے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے۔