مشرف کی سانحہ صفورہ کی مذمت ‘ دہشتگردوں کی گرفتاری کا مطالبہ

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) صفورہ چورنگی کے قریب اسمٰعیلی کمیونٹی کی بس پر دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں ہلاک شدگان کیلئے مغفرت اور زخمیوں کیلئے دعائے صحت کرتے ہوئے سابق صدر و آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف ‘اے پی ایم ایل سندھ کے صدر شہاب الدین شاہ حسینی ‘سیکریٹری جنرل شاہد قریشی ‘ ایڈیشنل سیکریٹری سید وصی الدین اور ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سیدنے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں ‘ تاجروں اور کاروباری افراد پر مشتمل پر امن اسمٰعیلی برادری پر دہشتگردانہ حملہ براہ راست پاکستان کی معیشت پر حملہ ہے ۔

دہشتگرد سرمایہ کاروں ‘ صنعتکاروں اور تاجروں و کاروباری افراد کو خوفزدہ کرکے پاکستان چھوڑنے اور سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنے پر مجبور کررہے ہیں تاکہ پاکستان اقتصادی و معاشی طور پر تباہ ہوکر ناکام ریاست میں تبدیل ہوجائے اسلئے پاکستان کے مستقبل کے تحفظ اور اس کی عالمی ساکھ و وقار کو محفوظ رکھنے کیلئے دہشتگردوں کی سرکوبی ‘ قاتلوں کی گرفتاری اور ان کے سرپرستوں و سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچا نا ناگزیر ہوچکاہے۔

انہوں نے اس موقع پر آغا خان کمیونٹی سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پرویز مشرف سمیت اے پی ایم ایل کے تمام کارکنان و عہدیداران دہشتگردی کا نشانہ بننے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور دہشتگردوں سے اسی آہنی ہاتھ سے نمٹنے کا مطالبہ کرتے ہیں جس سے مشرف کے دور اقتدار میں نمٹا جارہا تھا۔