مسلم لیگ ن جسے اپنا سمجھتی تھی وہی انکے سامنے کھڑے ہوئے: خورشید شاہ

Khursheed Shah

Khursheed Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد دھرنے سے پاکستان بارے دنیا میں منفی پیغام گیا، پیپلزپارٹی ساری صورتحال پر پریشان ہے، امید ہے کہ 11 دسمبر سے پہلے سینٹ میں حلقہ بندیوں کے بل کی منظوری کا کوئی حل نکل آئے گا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلزپارٹی کو پاکستان کے مثبت امیج، خود مختاری اورسالمیت کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی نے پیدا شدہ بحران میں واضح پیغام دیا کہ وہ جمہوریت اورپارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت نے دھرنے کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے سے گریز کیا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نواز لیگ ہمیشہ پارلیمنٹ سے دور رہتی ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پارلیمنٹ سے طاقت لی اور پارلیمنٹ کی قوت کو بڑھایا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مسلم لیگ ن جن کو اپنا حلقہ سمجھتی تھی وہی اسلام آباد دھرنے میں ان کے سامنے کھڑے ہوئے، حالیہ دھرنے کے بعد پاکستان کے بارے میں عالمی سطح پر منفی لکھا گیا۔ حکومت نے جس طرح صورتحال کو ہینڈل کیا عدالت میں اس حوالے سے ریمارکس سامنے آئے۔

اپوزیشن لیڈر نے امید ظاہر کی کہ سینٹ سے حلقہ بندیوں کے بل کی منظوری کے معاملے پر 11 دسمبر سے پہلے کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا۔