گجرات کی خبریں 24/3/2016

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) ممتاز مسیحی مستری جلال جاوید نے یوم پاکستان کے موقع پر دنیا کو امن کا پیغام دینے کیلئے موٹر سائیکل پر اپنے سفر کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے پہلے مرحلے میں گوجرانوالہ ڈویژن کے مختلف شہروں کا دورہ کیا اور مسیحیت کی طرف سے امن کا درس لوگوں تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصول کیلئے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مسیحی برادری نے بھی قربانیاں دیں اور آج ہر طرف پاکستان میں مسیحی برادری استحکام پاکستان کے سلسلہ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ پاکستان کو تقویت بخشی ہے اور استحکام پاکستان کے سلسلہ میں قربانیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وہ گوجرانوالہ کے بعد لاہور ڈویژن اور راولپنڈی ڈویژن کے علاقوں کا بھی امن دورہ کریں گے۔
…………………………………
…………………………………
گجرات (جی پی آئی) بچے قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں’ اور ان بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت ہماری ذمہ داری ہے’ ان خیالات کا اظہار ڈین یونیورسٹی آف گجرات ڈاکٹر فہیم ملک دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں تقریب تقسیم انعامات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر بچوں کی تعلیم و تربیت کے سلسلہ میں ٹیچرز سکول میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں وہیں والدین کا بھی فرض ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم کے سلسلہ میں تعاون کریں۔ کیونکہ جب تک والدین کا تعاون نہیں ہو گا۔ بچے تعلیمی حوالے سے ترقی نہیں کر سکتے۔ اچھے ٹیچرز ہمیشہ والدین کے تعاون سے بچوں کو تعلیم دیتے ہیں۔ سابق MPA قمر عامر چوہدری نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالہ سے شہزاد شفیق نقشبندی کا کردار قابل تحسین ہے۔ وہ بچوں میں جدید طریقہ سے تعلیم کے فروغ کیلئے کام کرتے ہیں۔ اور میں جب بھی یہاں آتی ہوں کچھ نہ کچھ نیا ملتا ہے۔ سید ممتاز حسین شاہ چیئرمین آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ بلا شبہ دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ اساتذہ کی بہترین صلاحیتوں کی بدولت بچے ہر میدان میں ٹاپ کر رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ندیم حسین بٹ نے کہا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالہ سے وقتی فیصلے اہم ہوتے ہیں۔ اور شہزاد شفیق اور انکی ٹیم بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے مثبت فیصلے کرتے ہیں۔ ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس شہزاد شفیق شرقپوری نے کہا کہ 14 سال قبل 2002ء میں ایک چھوٹا سا پودا لگایا گیا جو آج دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کے بچے بڑے بڑے تعلیمی اداروں میں اپنے ادارہ کا نام روشن کر رہے ہیں۔ بورڈز میں پوزیشنز حاصل کر رہے ہیں۔ ہم بچوں کی بنیاد کو بہتر بنانے کیلئے کام کرتے ہیں۔ یہ واحد ادارہ ہے جو 2002ء سے CCTV مانیٹرنگ ‘ جدید ترین سیکورٹی آلات کیساتھ کام کر رہا ہے۔ اساتذہ کی تربیت کی جانب توجہ دیتے ہیں۔ شعبہ حفظ کے بانی ہیں۔ ہمیں دیکھ کر دیگر ادارے بھی شعبہ حفظ شروع کر رہے ہیں۔ میڈیکل اور سائیکالوجی کے ماہرین بھی بچوں کے مدد کیلئے کام کر رہے ہیں۔ تدریس شعبہ پیغمبری ہے اور اسے کاروباری کی بجائے عبادت سمجھ کر کام کر نے والے ہمیشہ کامیاب رہتے ہیں۔ اور میں فخر سے کہتا ہے کہ اس ادارے میں ایک ہزار سے زائد طلبہ و طالبات بالکل فری تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ 107 یتیم بچوں کو کتابیں’ یونیفارم اور پاکٹ منی بھی سکول کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے۔ دی ایجوکیٹرز ہیڈ کوارٹر کی رہنمائی میں ہم کام کر رہے ہیں اور طلبہ کی مزید خدمت کیلئے کام کرتے رہیں گے۔
…………………………………
…………………………………
گجرات (جی پی آئی) رانا ثاقب مشرف ممبر ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی نے کہاکہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ندیم بٹ دن رات کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں اور ہر موقع پر وہ آگے ہوتے ہیں جس کیلئے ہم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور گجرات میں اس سلسلہ میں بھر پور کام ہو رہا ہے۔ میں ندیم حسین بٹ کی کاوشوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
…………………………………
…………………………………
گجرات (جی پی آئی) 23 مارچ کو سالانہ مجلس عزاء بسلسلہ شہادت سید الشہداء ایمپائر ہائوس میں منعقد ہوئی۔ جس میں ملک کے ممتاز علماء کرام اور ذاکرین نے فضائل و مصائب شہدائے کربلا بیان کئے۔ خصوصی خطاب مفسر تاریخ کربلا علامہ علی ناصر الحسینی آف تلہاڑا ، مصور غم ذاکر سید اقبال حسین شاہ بجاڑ والا ‘ بحر المصائب علامہ ذاکر حاجی مقبول حسین ڈھکو آف منڈی شاہ جیونا، علامہ محمد زمان الحسینی و دیگر ذاکرین کرام نے خطاب کیا۔ سید عارف موسوی ‘ سید عرفان نقوی نے سلام پیش کیا۔ نقابت کے فرائض پروفیسر سید سرفراز حسین جعفری نے پیش کئے۔ جبکہ منتظمین میں صدر حسینیہ ٹرسٹ الطاف حسین جعفری’ جواد حسین جعفری اور عدنان حسین جعفری تھے۔ اس موقع پر فضائل و مصائب شہدائے کربلا بیان کرنے کے بعد اختتام پر شبیہہ ذوالجناح برآمد ہوا۔ ضلع بھر سے اہم سیاسی و سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی ۔ ملکی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
…………………………………
…………………………………
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروائی ہے جس کا متن ہے کہ”اس ایوان کی رائے ہے کہ آٹھویں این ایف سی ایوارڈ کا فی الفور اعلان کیا جائے ۔تاکہ آئین کے مطابق چاروں صوبوں میں قومی وسائل کی تقسیم عمل میں آسکے۔”انہوںنے قرارداد جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8ماہ ہوگئے این ایف سی ایوارڈ کا اجراء نہیں کیا جارہا جب ایوارڈ نہیں آئے گا تو صوبے اپنے اپنے بجٹ کیسے بناسکتے ہیں؟ انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں آئین پامال ہورہا ہے ۔دریں اثناء انہوںنے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن(پیف )میں 5سکولوں میں گھوسٹ طلباء کے انکشاف اور انہیں ایک کروڑ15لاکھ روپے کی ادائیگی کئے جانے سے متعلق کرپشن پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کرواتے ہوئے کہا ہے کہ ایجوکیشن فائونڈیشن نے جو کوڈ مقرر کررکھے ہیں ان کے مطابق کوڈ نمبر232،1116،0223،644اور کوڈ نمبر1074 کو جعل سازی اور ملی بھگت سے ایک کروڑ15لاکھ کی رقم جاری کردی گئی جو اپنی نوعیت کی پہلی کرپشن ہے جو میڈیا رپورٹ کا حصہ بنی ۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن اور اس سے منسلک شعبوں کو رشوت لالچ دے کر گھوسٹ بچے پڑھائے جارہے ہیں اور وزیر تعلیم ،سیکرٹری تعلیم اور متعلقہ ذمہ داروںنے آنکھیں بند کررکھی ہیں انہوںنے کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت سرکاری سکول بند کیئے جارہے ہیں اور گھوسٹ طلباء کے نام پر خزانے سے رقم نکلوائی جارہی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ۔انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ کرپشن ثابت ہوجائے تو وہ سیاست چھوڑ دینگے ان کی ناک کے نیچے کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں اور وہ آنکھیں بند کیے بیٹھے ہیں۔
…………………………………
…………………………………
گجرات (جی پی آئی) ضلع گجرات میں گندم خریداری کا ہدف 28ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے، گندم خریداری کے لئے ضلع بھر میں 5خریداری مراکز قائم کئے جائیں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے گندم خریداری کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ڈی او سی احمد رضا، اسسٹنٹ کمشنرزمیاں اقبال مظہر، نورالعین، ای ڈی او زراعت ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، ریونیو افسران اور کسانوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر خریداری مراکز گجرات، جلالپور جٹاں، منگوال، ڈنگہ اور لالہ موسیٰ میں قائم کئے جائیں گے جہاں مارکیٹ کمیٹی گندم کی فروخت کے لئے آنیوالے کسانوںکے لئے سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ دار ہوگی جبکہ ان مراکز پر ریونیو ڈیپارٹمنٹ، فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی ڈیوٹی دیں گے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ گرداور ی کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے اور پٹواری متعلقہ دیہات میں گرداوری کی فہرستیں آویزاںکرے تاکہ ان فہرستوں کے مطابق کاشتکاروںکو باردانہ جاری کیا جا سکے۔ انہوںنے ریونیو افسران اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود بھی گرداوری کی چیکنگ کریں جبکہ وہ خود بھی ضلع بھر کے دس موضعات چیک کریں گے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ جن کسانوںکو کسی وجہ سے وزیر اعظم کسان پیکج کے تحت امدادی رقوم نہیں ملیں وہ براہ راست اے سی گجرات کو تحریری درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سے قبل کسان نمائندوںنے بار دانہ میں اضافہ،سبسڈی پر زرعی آلات کی فراہمی اور دیگر امور پر تجاویز سے آگاہ کیا۔
…………………………………
…………………………………
گجرات (جی پی آئی) تین روزہ جشن بہاراں گجرات کاانعقاد 27سے 29مارچ تک ہوگا، اس سلسلے میں پروگرامز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ شیڈول کے مطابق جشن بہاراں گجرات کے پہلے روز 27مارچ بروز اتوار دوپہر 2بجے ضلع کونسل ہال میں پھولوں کی نمائش ہوگی، سہ پہر 3بجے جلالپور جٹاں اسٹیڈیم میں نیز ہ بازی کے مقابلے شروع ہوں گے شام 7بجے لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک گجرات میں فیملی گالا ہوگا جبکہ رات 8بجے گجرات جمنزیم میں محفل مشاعرہ ہوگا۔ 28مارچ بروز سوموار ضلع کونسل میں پھولوں کی نمائش دوسرے روز بھی جاری رہے، دوپہر 2بجے لیڈیز کلب گجرات میں کوکنگ کے مقابلے ہوں گے، سہ پہر تین بجے نیز ہ بازی کے مقابلے ہوں گے، اسی روز 4بجے تجمل پارک جی ٹی روڈ میں کبڈی میچ ہوگا، چلڈرن پارک میں فیملی گالا شام سات بجے دوسرے روز بھی منعقد کیا جائے گا جبکہ رات 9بجے بیڈ منٹن ٹورنامنٹ گجرات جمنزیم میں ہوگا۔ جشن بہاراں کے تیسرے اور آخری دن سپورٹس اسٹیڈیم کھاریاں میں کبڈی میچ ہوگا، پھولوں کی نمائش ضلع کونسل ہال میں جاری رہے گی، سہ پہر تین بجے جلالپور جٹاں اسٹیڈیم میں نیزہ بازی کے مقابلے ہوں گے، فیملی گالا، بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے مقابلے ہوں گے۔ شام 5بجے ظہور الہی اسٹیڈیم میں لوک موسیقی کا پروگرام ہوگا جس میں گلوکار عارف لوہار پرفارم کرینگے جبکہ رات 10بجے آتش بازی کا شاندارمظاہرہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا اور دیگر افسران کے ہمراہ جلالپور جٹاںسپورٹس گرائونڈ کا دورہ کیا اور جشن بہاراںکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈ ی سی او نے ہدایت کی کہ نیزہ بازی، ہارس اینڈ کیٹل شو اور دیگر مقابلوںکے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں اورمقابلوں میں شریک افراد کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوںنے پولیس کو ہدایت کی کہ مقابلوںکے شرکاء کی سکیورٹی کیلئے جامع انتظامات کئے جائیں۔
…………………………………
…………………………………
گجرات (جی پی آئی) جامعہ گجرات کے زیر اہتمام ایم اے ایم ایس سی اور ایم کام کے سالانہ امتحانات2016ء پارٹ فرسٹ و سکینڈ کا آغاز جولائی ، اگست2016ء میں متوقع ہے۔ کنٹرولر امتحانات جامعہ گجرات احمد جمیل ترک کے اعلامیہ کے مطابق ایم اے، انگریزی، اُردو، معاشیات، اسلامیات، سیاسیات و فائن آرٹس، ایم ایس سی ریاضی، نفسیات، فزکس و اپلائڈ سائیکالوجی اور ایم کام کے پارٹ فرسٹ و سکینڈ سالانہ امتحانات2016ء کے لیے فیس جمع کروانے کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ان امتحانات کے لیے داخلہ فارم سنگل فیس کے ساتھ5اپریل سے28اپریل2016ء تک، ڈبل فیس کے ساتھ29اپریل سے12مئی2016ء تک اور ٹرپل فیس کے ساتھ13مئی سے23مئی2016ء تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ امتحانات کے لیے داخلہ فارم اور بنک چالان جامعہ گجرات کی ویب سائٹwww.uog.edu.pkپر دستیاب ہیں۔ داخلہ فیس بنک آف پنجاب کی نامزد شاخوں میں جمع ہو گی۔ پرائیویٹ امیدواران کو صرف انگریزی، اُردو، ریاضی، معاشیات، اسلامیات اور سیاسیات کے مضامین میں امتحان دینے کی اجازت ہو گی۔ جامعہ گجرات میں رجسٹریشن نہ کروانے والے امیدواران کوا متحان دینے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اگر کوئی امیدوار اپنی داخلہ فیس مقررہ تاریخوں میں جمع کروانے کے بعدداخلہ فارم مقررہ تاریخوں کے بعد پانچ دن کے اندر جمع کروائے گا تو اس کو500روپے بطور جرمانہ ادا کرنے ہونگے۔
…………………………………
…………………………………
گجرات (جی پی آئی) جامعہ گجرات کے شعبہ ٹیکسٹائل ڈیزائن نے نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقدہ مقابلہ جات آل پاکستان ڈائس ٹیکسٹائل میں شرکت کرتے ہوئے تیسرا انعام مبلغ چالیس ہزار روپے جیت لیا۔ ان مقابلہ جات کا انعقاد ملکی سطح پر کیا گیا تھا اور اس میں ملک بھر کی مختلف14یونیورسٹیوں نے شرکت کرتے ہوئے کل اڑسٹھ پراجیکٹس پیش کیے۔ ان مقابلہ جات کا مقصد ٹیکسٹائل کے شعبہ میں جدت و ندرت کے تصورات کو روشناس کروانا تھا۔ جامعہ گجرات کے صدر شعبہ ٹیکسٹائل ڈیزائن محمد جنید نے بتایا کہ جامعہ گجرات کا سکول برائے آرٹ، ڈیزائن و آرکیٹکچر نوجوان طلبا و طالبات میں دورِ حاضر کے تقاضوں کے حوالہ سے مختلف موضوعات کے متعلق شعوری بیداری کا احساس پیدا کر رہا ہے۔ جامعہ گجرات کا شعبہ ٹیکسٹائل ڈیزائن خاص طور پر طلبہ میں جدید ٹیکنالوجی اور عوامی ضروریات کے حوالہ سے اس شعور کو پروان چڑھانے میں مصروف ہے جسکے ذریعے ہمارے طلبہ فارغ التحصیل ہونے کے بعد ملکی انڈسٹری میں قابل ذکر خدمات سر انجام دے سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ آل پاکستان ڈائس ٹیکسٹائل مقابلہ جات میں جامعہ گجرات کے طلبا و طالبات نے جدت ، اختراع اور ندرت پر مبنی اعلیٰ پراجیکٹس پیش کیے اور انکے پیش کئے گئے ڈیزائنوں کو مقامی انڈسٹری کے لوگوں میں بھی پذیرائی حاصل ہوئی۔ یاد رہے ان مقابلہ جات میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے پراجیکٹس نے اوّل اور دوم انعامات حاصل کیے ہیں۔ وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے طلبا و طالبات کی اس قابل قدر کاوش اور اعزاز پرانہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان طلبا و طالبات ہمارے مستقبل کے امین اور ہماری اُمیدوں کا منبع ہیں۔ جامعہ گجرات کی انتظامیہ و اساتذہ طلبا و طالبات کے مختلف تعلیمی مراحل میں سہولت پیدا کرتے ہوئے انہیں معاشرہ کا ایک با شعور اور ذمہ دار شہری بنانے کی جانب راغب ہے۔ معیاری تعلیم ہی وہ راستہ ہے جو پاکستان کو پائیدار ترقی کی معراج تک پہنچائے گا۔
…………………………………
…………………………………
گجرات (جی پی آئی) ٹی ایم اے سرائے عالمگیر کے زیر اہتمام تین روزہ جشن بہاراں آج سے پبی فارسٹ پارک سرائے عالمگیر میں منعقد ہو گا ۔ ایڈمنسٹریٹر /اے سی شعیب نسوانہ نے بتایا کہ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی زیرنگرانی25سے27مارچ تک جاری رہنے والے جشن بہاراںکے دوران قدرتی خوبصورتی سے مالا مال پبی فارسٹ پارک میں فوڈ میلہ، گھوڑا ڈانس، میجک شو اور میوز ک کنسرٹ منعقد کیا جائے گا ۔ انہوںنے بتایا کہ جشن بہاراںکے ان پروگرامز میں ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ اور منتخب عوامی نمائندے بطور مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔
…………………………………
…………………………………
گجرات (جی پی آئی) مسلم لیگ ق کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین مرزا شہکار کے والد کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپردِ خا ک کر دیا گیا نماز جنازہ بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرزا شہکار سے مل کر اظہارِ تعزیت کیا ۔چوہدری ظہور الٰہی ہائوس گجرات کے انچارج قاضی خالد سیف اللہ۔سابق ناظم چوہدری ارشاد آف کالرہ۔ مسلم لیگی رہنما چوہدری حسنین اصغر تیل والے ۔چیف آفیسر چوہدری فیاض۔ مسلم لیگ یوتھ ونگ ضلع گجرات کے صدر چوہدری انعام الحق ۔ممتاز مسلم لیگی مہر الیاس۔ایم ایس ایف کے ضلعی صدر چوہدری زاھد عباس بھٹی۔چوہدری صدیق۔چوہدری مطلوب حسین۔چوہدری نعمان وڑائچ۔چوہدری شیر خان۔وحید اسلم چھٹہ۔ملک طالب۔چوہدری فرقان وڑائچ۔سیٹھ علی حسن۔خواجہ ابتسام۔خالد بٹ و دیگر نے بھی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔