مستونگ: شرپسندوں نے مسافر بسوں سے اغواء 20 مسافروں کو قتل کر دیا

Mustang

Mustang

مستونگ (جیوڈیسک) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ کے قریب دو بسوں سے مسافروں کو اتار کر اغواء کر لیا۔ بسوں میں 35 کے قریب مسافر موجود تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مسلح افراد سیکیورٹی فورسز کی وردیوں میں تھے جن کی تعداد 20 کے قریب بتائی جاتی ہے۔

مسلح افراد مسافروں کو اغواء کرکے پہاڑی علاقوں میں لے گئے ہیں جہاں اطلاعات کے مطابق 20 مسافروں‌ کو بے دردی سے قتل کیا جا چکا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے مطابق مسافروں کی بازیابی کیلئے سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا تاہم شرپسندوں نے 20 مسافروں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔

لیویز کی کارروائی میں پانچ مسافروں کو بازیاب کروایا جا چکا ہے لیکن اغوا کاروں نے ابھی تک کچھ مسافروں‌ کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ واقعہ کی نزاکت کے پیش نظر ضلع بھر سے لیویز کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے واقعہ کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیراعظم نے دہشتگردوں کی جانب سے معصوم افراد کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مجرموں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم نے دہشتگردی واقعے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔