مظفر آباد: تودہ مکان پر گرنے سے1 شخص جاں بحق،لڑکی زخمی

Land Sliding

Land Sliding

مظفر آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر بھر میں موسلادھار بارش کاسلسلہ جاری ہے، لینڈسلائیڈنگ نے متعدد مکانات کو نقصا ن پہنچا،مظفر آباد میں پہاڑی تودہ مکان پر گرگیا، جس سے ایک شخص جاں بحق اورلڑکی زخمی ہوگئی ۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کےعلاوہ کوٹلی، کوئی رٹہ،نکیال سمیت مختلف علاقوں میں دو روز سے وقفے وقفے سے کئی ہلکی او رکئی تیز بارشوں کا سلسلہ جار ی ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ بار ی بھی ہورہی ہے، ساتھ ہی لینڈسلائینڈنگ سے کئی رابطہ سڑکیں بھی ٹریفک کے لئے بند اور متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

سرلی سچا کے مقام پر پہاڑی تودہ ایک مکان پر گرگیا، جس سے ایک ہی خاندان کےپانچ افراد ملبےتلےدب گئے، ملبےسے ایک شخص کی لاش جبکہ ایک لڑکی کو زخمی حالت میں نکا ل لیاگیا،جبکہ دیگر 3افراد کو نکالنے کےلئے امدادی کام جاری ہے۔

اُدھر پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں رات گئے ہلکی اور تیز بارش ہوئی، جس سے موسم سر د ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے آج مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور ڈویژن، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ سرگودھا، لاہور، بنوں، کوہاٹ اور ڈی آئی خان ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیاہے۔