مظفر گڑھ میں مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم سے 7 افراد جاں بحق

Accident

Accident

مظفر گڑھ (جیوڈیسک) سلطان شہر میں مسافر بس اور آئل ٹینکر میں تصادم سے 7 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔

مظفر گڑھ کے شہر سلطان میں مسافر بس لاہور سے علی پور جا رہی تھی کہ مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو اہلکاروں نے ٹینکر کے نیچے دبے درجنوں افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ طبی عملے کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی مانانوالہ میں ایل این جی کنٹینر اور گاڑی کے درمیان تصادم سے 21 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔