میانمار حکومت روہنگیا مسلمانوں کا تحفظ یقینی بنائے: انسانی حقوق کونسل کی قرار داد

 Human Rights Council

Human Rights Council

جنیوا (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں میانمار کی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی جغرافیائی حدود میں رہنے والے تمام شہریوں بشمول روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس قرارداد کی تجویز اسلامی ممالک کے تعاون سے پاکستان اور سعودی عرب نے پیش کی تھی اور اس کا مقصد میانمار میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی بالخصوص وہاں رہنے والے مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

قرارداد میں روہنگیا مسلمانوں کی انسانی حقوق کی پامالیوں کی شفاف طریقے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس قرارداد میں میانمار کی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہاں پر رہنے والے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک اور ان کے استحصال کا سلسلہ بند کرے۔

قرارداد میں میانمار کی حکومت سے کہا گیا ہے کہ تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی کیلئے اقدامات کریں۔