نیب نے دوبارہ بلایا تو الیکشن کے بعد جاؤں گا، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

کراچی (جیوڈیسک) سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب کو خط بھجوا دیا ہے، دوبارہ بلایا گیا تو الیکشن کے بعد جاؤں گا۔

ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف دوسرے روز بھی سندھ کے محاذ پر ہیں۔ انہوں سابق صوبائی حکومت پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی اور الیکشن جیت کر آبی بحران حل کرنے کا نعرہ بھی لگایا۔ کہتے ہیں کہ کالا باغ ڈیم پر گفتگو بھی قومی اتحاد کو برباد کر دے گی۔

ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کراچی میں مصروف دن گزارا اور مقامی ہوٹل میں سینئر صحافیوں، اقلیتی برادری اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ذمہ داری ملی تو کراچی کی حالت بدل دینگے۔ پانی، بجلی اور بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے بھاشا ڈیم کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی بحران میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی۔ ن لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ اگلا چیلنج پانی کا بحران ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کا بحران ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج تھا۔ سی پیک کے ذریعے جھمپیر، گوادر اور دیگر مقامات پر بڑے منصوبے لگائے گئے ہیں۔ پورٹ قاسم اور ساہیوال کے منصوبوں نے مخالفین کو خاموش کرا دیا ہے۔