نیب کا فردوس عاشق اعوان اور اعظم ہوتی سمیت مختلف سیاستدانوں کیخلاف کرپشن کی تحقیقات کا فیصلہ

Firdous Ashiq Awan

Firdous Ashiq Awan

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے فردوس عاشق اعوان سمیت مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاست دانوں کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس چیرمین قمر زمان چوہدری کی سربراہی میں ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سمیت مختلف سیاستدانوں کے خلاف کرپشن کی درخواستوں پر تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا، نیب کی جانب سے پیپلزپارٹی کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان کے خلاف ڈرگ ریگولیٹر اتھارٹی میں غیر قانونی تقرریوں پر تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا اس کے علاوہ ان کے خلاف 12 سرکاری بسوں کو زیر استعمال رکھنے کے الزام کی بھی تحقیقات ہوں گی جبکہ پی پی رہنما قاسم ضیاء کے خلاف بھی اسٹاک مارکیٹ میں مبینہ خورد برد کی تحقیقات کی جائیں گی۔

نیب کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رانا اسحاق کے خلاف 128 ملین کی کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سابق وفاقی وزیراور تحریک انصاف کے رہنما اعظم ہوتی اور ان کی اہلیہ کے خلاف بھی کرپشن کی تحقیقات ہوں گی اس کے علاوہ جے یو آئی (س) کے مولانا عبدالواسع کے خلاف کرپشن کی درخواست کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ سابق صوبائی سیکریٹری ہاؤسنگ ذکی اللہ کے خلاف بھی کرپشن کی تحقیقات کی جائیں گی۔