نیب سمیت تمام اداروں میں انصاف یا احتساب بلاتفریق ہونا چاہیے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیب سمیت کوئی بھی ادارہ ہو تو وہاں انصاف یا احتساب بلاتفریق ہونا چاہیے اور قانون کی حکمرانی کو ہر کسی کوتسلیم کرنا چاہیے۔

لاہور میں میو اسپتال کے سرجیکل ٹاور کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نئے چیئرمین نیب نے سب سے پہلے ملتان میٹروکا کیس کھولا، چیئرمین نیب مجھ پر ایک پیسے کی کرپشن بھی ثابت کردیں اور اگر میں قوم کا مجرم ہوا تو الیکشن سے پہلے ہی فارغ کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میں 70 ارب روپے سے زائد بچت کی ہے، بچت پر تو نیب کو ہمیں سرٹیفکیٹ دینا چاہیے تاہم نیب سمیت کوئی بھی ادارہ ہو وہاں انصاف یا احتساب بلاتفریق ہونا چاہیے جب کہ قانون کی حکمرانی کو ہرکسی کوتسلیم کرنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےسندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ابھی 12،13 اور اسپتالوں کے افتتاح کرنے ہیں، کاش سندھ میں بھی اچھے اسپتال ہوتے تو الیکشن میں ایک صحت مند مقابلہ ہوتا، سندھ میں تو انہوں نے بیڑہ غرق کردیا ہے۔