نیب شوق سے ملتان میٹرو کی تحقیقات کرے، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائیگا۔ شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے نیب شوق سے ملتان میٹرو منصوبے کی تحقیقات کرے، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ ان پر کرپشن کا الزام غلط اور بے بنیاد ثابت ہو گیا، غلط الزام لگانے والوں کو کون بلیک لسٹ کرے گا؟۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹے الزامات لگانے والوں کو بے نقاب کرنا ہوگا، 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار وفاق کے منصوبے پنجاب مکمل کر رہا ہے، کسی سے ایک دھیلہ نہیں لیا، منصوبے اپنی جیب سے مکمل کر رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ صاف پانی منصوبے پر حکومت کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے، جاپان کی گرانٹ سے پنجاب میں 105 ٹیوب ویلز لگائے گئے ہیں، فیصل آباد میں 13 ارب روپے سے صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں نئے اسپتال بنائے جا رہے ہیں، چیف جسٹس نے اسپتال کا دورہ کیا تو یہ خوش آئند بات ہے۔