نیب کارروائیوں پر شہباز شریف کی بے چینی بلا جواز نہیں، نعیم الحق

Naeem ul Haq

Naeem ul Haq

اسلام آباد (جیوڈیسک) پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ پنجاب میں نیب کی کارروائیوں پر شہباز شریف کی بے چینی بلا جواز نہیں۔ نیب کو للکارنے کی ابتداء وزیر اعظم نے کی جو اب تک جاری ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے ایک جاری بیان میںکہا ہے کہ احتساب سے فرار کی حکومتی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ خود کو ماورائے آئین و قانون سمجھنے کی بجائے شریف برادران شہریوں کے ٹیکس کی دولت کا حساب دیں۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ آل شریف نے جس غیر شفاف انداز میں صوبائی اور قومی خزانے کو انتہائی متنازعہ منصوبوں میں جھونکا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ گزشتہ 6 برس میں شہباز شریف کی جانب سے شروع کئے گئے ہر میگا پراجیکٹ کی جامع تحقیقات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بیشتر صوبائی محکموں میں آڈٹ حکام کا داخلہ غیر رسمی انداز میں بند کر رکھا ہے۔خوف اور ترغیب کے ذریعے نیب اور دیگر ریاستی اداروں کو فرائض کی بجا آوری سے باز رکھنا پرانا مسلم لیگی ہتھکنڈہ ہے۔آل شریف کی تشہیر کیلئے اشتہاروں پر خرچ کئے جانے والے اربوں روپوں کا بھی حساب کیا جانا چاہیے۔

نعیم الحق نے مزید کہا کہ شریف برادران کو ذاتی تشہیر کا اتنا ہی شوق ہے تو قومی سرمائے کی بجائے بیرون ملک جمع کی گئی ذاتی دولت خرچ کریں۔