نیب: پرویز اشرف اور رانا مشہود کیخلاف کرپشن کیسز کی تحقیقات کی منظوری

Pervez Ashraf and Rana Mashhood

Pervez Ashraf and Rana Mashhood

اسلام آباد (جیوڈیسک) نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین نیب چودھری قمر زمان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ راجہ پرویز اشرف کیخلاف مزید دو رینٹل پاور مقدمات، رانا مشہود کے خلاف پنجاب یوتھ فیسٹیول کیس کی تحقیقات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

چیئرمین نیب چودھری قمر زمان کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ریشماں پاور پلانٹ سے قومی خزانے کو 89 کروڑ اور ینگ جن پاور پلانٹ سے قومی خزانے کو 43 کروڑ روپے کا ٹیکہ لگانے پر راجہ پرویز اشرف اور وزارت پانی و بجلی کے سابق اعلیٰ حکام کیخلاف باقاعدہ تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔

پنجاب کے صوبائی وزیر رانا مشہود کے خلاف پنجاب یوتھ فیسٹیول کے فنڈز میں مبینہ خرد برد جبکہ سی ڈی اے حکام کے خلاف کمرشل پلاٹس کی نیلامی اور این ایچ اے حکام کے خلاف اوکاڑہ بائی پاس منصوبے میں 21 کروڑ روپے کی مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کی بھی منظوری دی گئی۔

نیب کی جانب سے ولی خان یونیورسٹی مردان میں خلاف ضابطہ 700 ملازمین کی بھرتی پر وائس چانسلر ڈاکٹر احسان علی اور پروفیسرز کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔