نیب ریفرنسز: نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر کی آج احتساب عدالت میں پیشی

Nawaz Sharif, Maryam Nawaz, Captain Safdar

Nawaz Sharif, Maryam Nawaz, Captain Safdar

اسلام آباد (جیوڈیسک) احتساب عدالت میں نواز شریف کی ایک اور پیشی، ایون فیلڈ پراپرٹیز اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی 12ویں جبکہ فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس کی 13ویں سماعت ہو گی۔

نواز شریف پانچ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سات مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔ 8 نومبر کو پانچویں پیشی کے موقع پر نواز شریف کی موجودگی میں دوبارہ فرد جرم عائد کی گئی۔

سابق وزیر اعظم نے صحت جرم سے انکار کیا جس کے بعد گواہوں کی طلبی کے سمن جاری کیے گئے۔

عدالت نے کمشنر ان لینڈ ریونیو جہانگیر احمد اور ایس ای سی پی کی افسر سدرہ منصور کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔

گزشتہ سماعت پر حسن اور حسین نواز ایک مرتبہ بھی عدالت پیش نہ ہوئے، جس پر انہیں اشتہاری ملزم قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ آج سماعت کے موقع پر حسن اور حسین نواز کو باقاعدہ اشتہاری ملزم قرار دئیے جانے کا بھی امکان ہے۔