نعیم الحق کی مسلم لیگ نواز کے کارکنان کی غنڈہ گردی کی شدید مذمت

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے پنجاب حکومت، پولیس اور مقامی انتظامیہ کی سرپرستی میں مسلم لیگ نواز کے کارکنان کی غنڈہ گردی کی شدید مذمت کی۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مسلم لیگ نواز اور پنجاب حکومت صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ NA-108میں پرامن انتخابات مسلم لیگ نواز کو گوارا نہیں اسی لیے مسلم لیگ نواز کی صفوں میں موجود جرائم پیشہ اور غنڈہ گردعناصر کو مقامی پولیس اور انتظامیہ کی سرپرستی میں میدان میں اتارا گیا اور عوام کو ان کا بنیادی حقِ رائے دہی استعمال کرنے سے روکا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے ذریعے NA-108میں مسلم لیگ نواز کی پرتشدد کارروائیاں پوری قوم نے دیکھیں جس سے پنجاب حکومت، میاں نواز شریف کی جماعت اور ان کے کارکنان کی پالیسیوں کا حقیقی چہرہ سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بروقت ان پرتشدد کارروائیوں کا نوٹس لینا چاہیے تھا کیونکہ صاف شفاف انتخابات کا انعقاد اس کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران بدانتظامی کے چند واقعات کو بنیاد پر بنا کر تحریک انصاف پر تنقید کرنے والے مسلم لیگ نواز کی اہلیت اور قابلیت NA-108کے ضمنی انتخابات کے دوران ہونے والے واقعات سے سامنے آچکی ہے۔

ان کے مطابق جو حکومت محض قومی اسمبلی کے ایک حلقے میں انتخابات کے دوران امن و عامہ کی صورتحال قائم نہیں رکھ سکتی وہ عام حالات میں شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کیسے یقینی بنائیگی۔ اپنے بیان میں تحریک انصاف کے ترجمان نے پولیس اہلکاروں کی جانب سے تحریک انصاف کے امیدوار سے ہاتھا پائی اور ان کی گاڑی کے گیرائو کی شدید مذمت کی اور پنجاب حکومت کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور ان کی حکومت نے پنجاب میں اداروں کی تباہی کا تہیہ کر رکھا ہے۔ پولیس ان کی گلو طرز سیاست کی عمدہ مثال بن چکی ہے۔