نندی پور پاور پراجیکٹ کی تحقیقات مکمل‘ معاملہ نیب ہیڈ کوارٹر بھجوا دیا گیا

Nandipur Power Project

Nandipur Power Project

اسلام آباد (جیوڈیسک) نیب راولپنڈی نے نندی پور پاور پراجیکٹ کی تحقیقات مکمل کر لی، تحقیقات مکمل کرنے کے بعد معاملہ نیب ہیڈ کواٹر کو بھجوا دیا گیا ہے، نیب حکام تحقیقات میں ذمہ داروں کے حوالے سے تفصیلات سے بتانے سے گریزاں ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی بیورو نے نندی پور پاور پراجیکٹ کی تحقیقات مکمل کر کے معاملہ مزید کارروائی کیلئے نیب ہیڈ کواٹر کو بھجوا دیا ہے جسے آئندہ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں زیر غور لائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق نندی پور پاور پراجیکٹ پر رائے کیلئے معاملہ وزارت قانون کو بھجوایا گیا تھا جہاں غیر ضروری تاخیر کی گئی جسکی وجہ سے نندی پور پاور پراجیکٹ کا تخمینہ ابتدائی طور پر پراجیکٹ کے تخمینہ لاگت سے زیادہ ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق پاور پراجیکٹ کی مشینری طویل عرصے تک کراچی ایئرپورٹ پر پڑی رہی جس کی وجہ سے بعض سازو سامان ناقابل استعمال ہو گیا، ذرائع کے مطابق نیب کے تفتیش کاروں نے سکینڈل کے مختلف پہلوؤں کاجائزہ لیا ہے اور غفلت کے مرتکب افراد کا کردار بھی متعین کر دیا ہے۔

نیب حکام یہ تسلیم کرتے ہیں کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہے اور معاملہ نیب ہیڈ کوارٹر میں پہنچ چکا ہے لیکن وہ ذمہ داروں کے حوالے سے ابھی تفصیلات بتانے سے گریزاں ہیں، نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں آئندہ یہ معاملہ مزید کارروائی کیلئے زیر غور لایا جا سکتا ہے۔