مودی سے محبت کا اظہار کر کے نواز پی ٹی آئی کی مہم چلا رہے ہیں، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ محبت دکھاکر سابق وزیراعظم نواز شریف ان کی پارٹی کے حق میں مہم چلا رہے ہیں۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ نواز شریف کا مودی سے محبت جتانے کا مقصد کاروباری مفادات کو تحفظ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حق میں مہم چلانے پر نواز شریف کو سراہتا ہوں، وہ جس طرح مودی کی زبان بول رہے ہیں تو بڑی تعداد میں لوگ ن لیگ کو چھوڑ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اتنے زیادہ لوگ ن لیگ سے آئیں گے کہ شاید پی ٹی آئی بھی انھیں نہ لے سکے۔

اس سے قبل احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کے دوران نواز شریف نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ‘پگڑی اچھال’ پارٹی ہے، جس کا کوئی کردار اور نظریہ نہیں ہے۔

ایک صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ ‘پی ٹی آئی نے ممبئی حملوں سے متعلق متنازع بیان کے معاملے پر آپ کے قومی کمیشن بنانے کی تجویز مسترد کر دی ہے’۔

جس پر سابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ ‘پی ٹی آئی کا نہ کوئی کردار ہے اور نہ نظریہ، یہ ایک گندی زبان والی اور پگڑی اچھال پارٹی ہے’۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ‘پی ٹی آئی امپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والی پارٹی ہے’۔