پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے: شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

میرانشاہ (جیوڈیسک) وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے دہشتگردی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ میرانشاہ کا دورہ اور فوجی جوانوں سے ملاقات نہایت حوصلہ افزا رہی۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب پاک فوج کے افسروں اور جوانوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے میرانشاہ پہنچے۔ انہوں نے سیون ڈویژن ہیڈ کوارٹرز اور پاک افغان سرحد کا دورہ کیا۔ یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انھیں جنرل آفیسر کمانڈنگ سیون ڈویژن میجر جنرل اظہر عباسی نے بریفنگ دی۔

شہباز شریف نے پاک افغان سرحد کے علاقے کیٹون اور یونس خان سپورٹس کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔ وزیرِ اعلیٰ کو پاک افغان سرحد کی مینجمنٹ اور باڑ لگانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ باڑ لگانے کیلئے پنجاب حکومت نے پہلے بھی تعاون کیا، آئندہ بھی کریں گے۔ پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری بقاء کی جنگ ہے۔ میں پاک فوج کے بہادر افسران اور جوانوں کیساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے میرانشاہ اور پاک افغان سرحد آیا ہوں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے مثال کامیابیوں کی تاریخ بہادر سپوتوں نے اپنے قیمتی لہو سے لکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کی اقوام عالم میں کوئی دوسری مثال موجود نہیں ہے۔ ضربِ عضب کی کامیابی کے بعد آپریشن رد الفساد کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے۔ تاریخِ عالم میں ایسی جنگ کبھی لڑی گئی نہ لڑی جائیگی۔ جو ناقابلِ فراموش کردار آپ نے ادا کیا ہے، قوم اسے کبھی بھول نہیں سکے گی۔