قوم کی عید سے پہلے عید

Pakistan Champions Trophy

Pakistan Champions Trophy

تحریر : محمد شاہد محمود
پاکستانی شاہینوں نے بھارتی غرور خاک میں ملا کر آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے آٹھویں ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے تینوں شعبوں میں شاندار کھیل پیش کیا گیا۔ فخر زمان نے سنچری جبکہ اظہر اور حفیظ نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ باولنگ میں محمد عامر نے تین اہم کھلاڑیوں کو آوٹ کر کے بھارتی بیٹنگ لائن تباہ کر دی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنزسکور کیے جواب میں بھارتی ٹیم 158 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جیت کے بعد پورے ملک میں لوگ جشن مناتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اس موقع پر زبردست آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کی گئی لوگ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور ایک دوسرے کومبارکبادیں دیتے رہے۔ اس موقع پر زبردست آتش بازی اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی اور لوگ ڈھو ل کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے اور ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے۔

مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ فائنل پر لاہور سمیت ملک کے ہر شہر کی سڑکیں ویران رہیں اور ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی، روزہ دار گھروں میں بیٹھ کر میچ سے لطف اندوز ہوتے رہے، رمضان کے باوجود کئی ریسٹورنٹ دن کے وقت بھی کھلے جہاں کھانے کی بجائے بڑی سکرینوں پر میچ پیش کیا گیا،۔ حسن علی کو چیمپئنز ٹرافی میں سب سے زیادہ 13 وکٹیں لینے پرگولڈن بال ایوارڈ سے نوازا گیا اور انہیں پلیئر آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ فخر زمان مین آف دی میچ قرار پائے۔ بھارت کے شیکھر دھون گولڈن بیٹ کے حق دار قرار پائے۔ چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کامیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں۔ بھارت سے ہار کے بعد ٹیم سے کہا مثبت کرکٹ کھیلو ٹورنامنٹ باقی ہے۔ جیت کا کریڈٹ بولرز کو جاتا ہے۔ فخر زمان نے عمدہ اننگز پیش کی نئے کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا ہم نے مثبت کرکٹ کھیلی اور کامیاب ہوئے۔ عامر، حسن علی اور شاداب نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی۔ ہمارے زیادہ کھلاڑی نوجوان تھے انہوں نے مایوس نہیں کیا۔ ٹیم انتظامیہ اور کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ عوام کا سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیں ہر شعبے میں آئوٹ کلاس کیا۔ فائنل میں پہنچ کر ہارنے پر بہت دکھ ہوا۔ ہماری ٹیم کی کارکردگی مایوس کن تھی۔ پاکستان کے پاس بہت ٹیلنٹ ہے۔ پاکستان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ کسی ٹیم کو بھی ہرا سکتے ہیں۔

فائنل جیتنے پر پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تاریخی جیت پر اور بھارت کی ذلت آمیز ہار پر مقبوضہ کشمیر میں زبردست جشن منایا گیا تاہم شکست سے بوکھلائی بھارتی فوج نے گھروں میں گھس کر کشمیری عورتوں’ بچوں اور مردوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس سے 35 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ سری نگر’ بارہمولا شوپیاں سمیت کشمیر بھر میں پاکستان بھارت کرکٹ میچ کے فائنل پر ہو کا عالم تھا تاہم پاکستانی بلے بازوں کے ہاتھوں بھارتی بالروں کی پٹائی شروع ہونے پر پاکستان زندہ باد اور آزادی کے نعرے گونجنے لگے’ کریکر چھوڑے جانے لگے’ پاکستانی ٹیم کی عظیم الشان کامیابی پر کشمیری نوجوان’ عورتیں’ بچے اور بوڑھے پاکستان زندہ باد اور آزادی کے نعرے لگاتے گھروں سے باہر آ گئے’ نوجوان خوشی سے ناچنے لگے جبکہ جگہ جگہ آتشبازی سے تاریکی میں ڈوبی وادی کشمیر روشن ہو گئی۔

ادھر بھارت کی ذلت آمیز شکست سے جلے ہوئے بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں پر بلاوجہ وحشیانہ تشدد کرکے اپنا غصہ نکالا’ شوپیاں میں درجنوں بھارتی فوجی فیاض احمد لون’ غلام حسن’ عبدالعزیز لون’ غلام حسن ڈار سمیت دیگر کشمیریوں کے گھروں میں دیواریں پھاند کر داخل ہو گئے اور مکینوں پر بلااشتعال وحشیانہ تشدد شروع کر دیا جس سے 35 افراد شدید زخمی ہوئے ان میں 12عورتیں بھی شامل ہیں’ کئی افراد کے بازو رائفلوں کے بٹ لگنے سے ٹوٹ گئے’ فوجیوں نے گھروں کا قیمتی سامان’ کھڑکیاں دروازے اور شیشے توڑ ڈالے او رقیمتی اشیا لوٹ لیں’ کئی زخمیوں کو بعدازاں شیر کشمیر ہسپتال سری نیگر ریفر کر دیا گیا۔پلوامہ میں بھارت مخالف مظاہرے کے دوران بھارتی فورسز کی فائرنگ سے اعجاز احمد نامی نوجوان شہید ہو گیا۔ بڈگام’ بیج بہاڑہ اور دیگر علاقوں سے مظاہروں کی اطلاعات ہیں۔ کرفیو اور سخت سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہو گئے۔ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بدستور بند رہی۔جماعة الدعوة کے نظر بند سربراہ حافظ محمد سعید نے پاکستانی و کشمیری قوم کو چیمپیئن ٹرافی کے فائنل میچ میں بھارت کو بدترین شکست دینے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کامیابی کو ان کشمیریوں کے نام ہونا چاہیے جنہوں نے پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے جرم میں بھارتی فوج کے بدترین ظلم و جبر کا سامنا کیا۔ پاکستان کے معروف مذہبی رہنما اور مظلوم کشمیریوں کی خم ٹھونک کر حمایت کرنے اور اسی جرم میں گذشتہ کئی ماہ سے نظر بندی کا شکار ہونے والے حافظ محمد سعید نے اپنے بیٹے حافظ طلحہ سعید کے ذریعہ دوران نظربندی بھارت کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تاریخی فتح پر قوم کے نام مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کامیابی کو ان کشمیریوں کے نام ہونا چاہیے جنہوں نے پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے جرم میں بھارتی فوج کے بدترین ظلم و جبر کا سامنا کیا۔

اصل مقابلے کا میدان مقبوضہ کشمیر میں سجا ہوا ہے جہاں آئے دن قتل و غارت گری کے باوجود مظلوم کشمیری قوم غاصب بھارت اور اس کی آٹھ لاکھ فوج کو شکست دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جس اتحاد و یکجہتی اور ہم آہنگی کا مظاہرہ اہل وطن بھارت کیخلاف کرکٹ میچ میں کرتے ہیں اس سے بڑھ کر پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہو جائے۔ انہوں نے کہاکہ قربانیوں اور شہادتوں کے نتیجہ میں جلد کشمیریوں کو آزادی ملے گی اور بھارتی فوج کو جنت ارضی کشمیر سے ان شاء اللہ نکلنا پڑے گا۔ممتاز حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے پاکستان کی کشمیر پالیسی پر تسلسل کی ضرورت ہے’پاک بھارت میچ ہو تو کشمیری پاکستان کی جیت کیلئے دعائیں کرتے ہیں’ پاکستان کی حمایت کرنے پر کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے’کشمیریوں کی بھارت سے نفرت میچ میں ظاہر ہو جاتی ہے’آزادی کیلئے برسر پیکار حریت قیادت نظر بندہے’ یاسین ملک کو سینٹرل جیل میں قید کر کے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ پاک بھارت میچ ہو تو کشمیری پاکستان کی جیت کیلئے دعائیں کرتے ہیں۔

پاکستان کی حمایت کرنے پر کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی بھارت سے نفرت میچ میں ظاہر ہو جاتی ہے۔ مشعال ملک نے کہاکہ کرکٹ کھیل ہے مگر بھارت اسے جنگ بنا دیتا ہے۔ 22 رمضان المبارک کا دن پاکستان پر خاص مہربان ہے 22 رمضان المبارک 1992ء میں ہی پاکستان عالمی چیمپئن بنا تھا، ٹیم کے کپتان عمران خان تھے اسی طرح پاکستان نے چیپمئنز ٹرافی بھی 22 رمضان المبارک میں جیت کر قوم کو عید کا تحفہ دیا، کرکٹ ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد نے کی، 1992ء میں بھی ملک کے وزیراعظم نواز شریف تھے جبکہ آج بھی وزیراعظم نواز شریف ہیں۔پاکستان کے ہاتھوں چیمپئن ٹرافی کے فائنل میں بھارتی سورمائوں کو انتہائی شرمناک اور ذلت آمیز شکست کے بعد بھارتی میڈیا پر صف ماتم بچھ گیا’ بھارتی ٹی وی چینلز نے ہندوستانی ٹیم اور کپتان ویرات کوہلی پر شدید تنقید کرتے ہوئے ٹیم کی شکست کی وجوہات کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ تمام چینلز نے پاکستان کے ہاتھوں ہندوستانی ٹیم کو ذلت آمیز شکست پر آڑے ہاتھوں لیا۔ بھارتی نجی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کا بھارتی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ویرات کوہلی کی کپتانی پر کئی سوال اٹھ رہے ہیں’ کوہلی اپنی بلے بازی میں ناکام رہے اور بھارتی کرکٹ کے مداحوں کو اچھا خاصا مایوس کیا ہے۔ شاہین بھارتی سورمائوں پر ایسے جھپٹے کے سوشل میڈیا پر پاکستان پر حملہ آور بھارتیوں کے منہ کو بھی تالے لگ گئے’ ٹوئٹر اور فیس بک کے ذریعے پاکستانیوں پر طنز کرنے والے بھارتی میچ میں بھارت کی عبرتناک شکست کو دیکھ کر بالکل خاموش ہو گئے۔

 Muhammad Shahid Mehmood

Muhammad Shahid Mehmood

تحریر : محمد شاہد محمود