نیشنل ایکشن پلان دہشت گردوں کی آڑ میں سیاسی جماعتوں کے خلاف ن لیگی ایکشن پلان ہے

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد: نیشنل ایکشن پلان دہشت گردوں کی آڑ میں سیاسی جماعتوں کے خلاف ن لیگی ایکشن پلان ہے۔ چوہدری نثار نادراآفس مردان میں خود کش حملہ پراپنی غیر ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے استعفےٰ دیں۔

22قیمتی جانوں کانقصان المناک ودلخراش سانحہ ہے۔ زخمی ہونے والے پچاس افراد اپاہج ہوگئے۔ اس حملے کے بعد کے پی کے حکومت اور وفاقی وزارت داخلہ کے سیکورٹی انتظامات کی قلعی بھی کھل گئی ہے۔اپنی جان دے کر حملہ آور کو گیٹ پر روکنے والے سیکورٹی گارڈکوپیپلزپارٹی کے کارکن اور رہنما سلام پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کااظہار پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سابق وفاقی مشیر داخلہ ملک اصغر علی قیصر، سابق وفاقی ایڈوائزر ٹیکسٹائل انڈسٹریز ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات پی ایل بی محمد طاہر شیخ، ٹکٹ ہولڈرز ملک سردار ٹرالے والا، شکیل شاہد، رانا انوارالحق، ضلعی جنرل سیکرٹری محمد اعجاز چوہدری، لال حسین راشد، میاں ارشد ندیم، سرمد فضل حسین راہی، مرزا اسلم مظہر، نیاز احمد جلوکہ، سٹی جنرل سیکرٹری رفیق عمار بھٹی، رہنما آزاد کشمیر پی پی چوہدری خادم حسین نے مردان میں نادرا دفتر پر خود کش بمبار حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف آہنی دیوار بن چکی ہے۔

ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ شناختی کارڈ بنوانے والے معصوم شہریوں کی شہادت قابل افسوس ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان بھر میں نادرا دفتر کی سیکورٹی کو بہتر بنایا جائے اور وفاقی حکومت سیاست دانوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان نافذ کرنے کی بجائے دہشت گردوں پر پوری توجہ دے۔