قومی اسمبلی ہنگامہ آرائی، سپیکر ایاز صادق کی مستعفی ہونے کی پیشکش

Ayaz Sadiq

Ayaz Sadiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں پارلیمنٹ کا تقدس برقرار رکھنے اور آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہونے پر اتفاق ہوگیا ، سپیکر ایاز صادق نے بھی مستعفی ہونے کی پیشکش کر دی۔

شاہ محمود قریشی کہتے ہیں شہریار آفریدی کی رکنیت منسوخ ہوئی تو اگلی میٹنگ میں شرکت نہیں کرینگے ، سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا ۔ پارلیمنٹ کا تقدس برقرار رکھنے اور آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہونے پر اتفاق کیا گیا۔

سپیکر نے اجلاس کے دوران استعفی کی بھی پیشکش کر دی ، سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ انہوں نے کھلی پیشکش کی ہے اگر ارکان ان کے رویے سے نالاں ہیں تو وہ استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہیں ، اجلاس میں تمام پارلیمانی رہنماؤں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔

سپیکر نے بتایا وزیر اعظم کے خلاف تحریک استحقاق پر بھی بات ہوئی ، اپوزیشن اور حکومت مل کر ایوان چلانے کے لیے لائحہ عمل تیار کریں گے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا شہریار آفریدی کی رکنیت معطل کی گئی تو اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔

شیخ رشید احمد نے پارلیمنٹ میں پیش آنیوالی صورتحال کا ذمہ دار سپیکر ایاز صادق کو قرار دیا ۔ نوید قمر نے بھی پارلیمنٹ میں ہونے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن کی کوشش ہوگی آئندہ پارلیمنٹ میں معاملات خراب نہ ہوں۔