قومی کپتان سرفراز احمد کلین سوئپ پر خوشی سے جھوم اٹھے

Sarfraz Ahmed

Sarfraz Ahmed

کراچی (جیوڈیسک) قومی کپتان سرفراز احمد کلین سوئپ پر خوشی سے جھوم اٹھے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ آنے والے غیرملکی ٹورز کیلیے پوری طرح تیار ہیں، جس طرح لوگوں نے ہمارے کرکٹرز کو سپورٹ کیا اگر یہ سلسلہ جاری رہے تو ہم دنیا کی بہترین ٹیموں کو بھی شکست دے سکتے ہیں۔

قومی کپتان نے کہا کہ جب میں نے پہلی بار قومی ٹیم کی باگ ڈور سنبھالی تو مکی آرتھر نے پرفارمنس میں تسلسل کی بابت آگاہ کیا تھا کہ ہم کس طرح اسے برقرار رکھ سکتے ہیں، ٹیم میں شامل ہر پلیئر بابر، حسن، شاداب اور فخر تسلسل سے اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، یہ تمام خاصے عرصے سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم ویسٹ انڈیز سے اگرچہ ابتدائی دونوں میچز جیت کر سیریز اپنے نام کرچکے تھے لیکن اختتامی معرکہ بھی جیتنا چاہتے تھے۔

سرفراز نے مزید کہا کہ ہم نے تیسرے میچ میں بھی اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کی، ٹیم اب آنے والے غیرملکی ٹورز کیلیے تیار ہے، سرفراز نے کہا کہ ہماری ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے، حسن، عامر اور شہزاد اگرچہ تیسرے میچ میں نہیں کھیلے لیکن ہمیں اپنے بیک اپ پلیئرز پر پورا اعتماد ہے۔ کپتان نے کہا کہ کراچی نے پورے ملک کا دل جیت لیا، میں سیکیورٹی اسٹاف کا بھی شکرگذار ہوں۔

مین آف دی میچ فخرزمان نے کہاکہ میں نے کوچ اور کپتان کے ساتھ مل کر پلان کیا اور اس کے مطابق اپنی بہترین پرفارمنس کی کوشش کی، میں فائنل میں اپنی اننگز پر بہت خوش ہوں،انھوں نے کہا کہ پہلے میچ میں بھی مجھے بیٹنگ کرتے ہوئے لطف آرہا تھا مگررن آؤٹ ہوگیا، میں نیٹ پر محنت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہوں تاکہ جتنا زیادہ ہوسکے کرکٹ کھیلتا رہوں۔

دوسری جانب مہمان کپتان جیسن محمد نے کہا کہ ایک بار پھر ہماری ٹیم زیادہ بہتر پرفارم نہیں کرپائی لیکن ابتدائی دونوں میچز میں کھیل بہتر رہا،انھوں نے کہا کہ کراچی کے کراؤڈ کا رویہ بہت شاندار رہا اور ہم یہاں اپنی عمدہ میزبانی پر انتہائی خوش ہیں۔