قومی ادارہ برائے امراض قلب کے تحت سندھ کے 5 اضلاع میں چھوٹے کارڈیک سیٹلائٹ یونٹس قائم کئے جائیں گے

E PRESS CONFRENCE NATIONAL INSTITUTE OF CARDIOVASCULAR DISEASES

E PRESS CONFRENCE NATIONAL INSTITUTE OF CARDIOVASCULAR DISEASES

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کے ایگزیگٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے کہا ہے کہ این آئی سی وی ڈی کے تحت سندھ کے 5اضلاع میں چھوٹے کارڈیک سیٹلائٹ یونٹس قائم کئے جائیں گے جو تمام بنیادی اور جدید سہولیات سے آراستہ ہوں گے ان یونٹس میں انجیو پلاسٹی ،ایکو ،بائی پاس ،انجیو گرافی سمیت دیگر علاج امریکہ اور برطانیہ کے طرز پر کیا جائیگا ۔

اس سلسلے میں قومی ادارہ برائے امراض قلب اور حکومت سندھ کے درمیان ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کردیئے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ پروفیسر ندیم رضوی ،ڈاکٹر نجمہ پٹیل ،ڈاکٹر فضل ربی ،ڈاکٹر ضیاء یعقوب ،ڈاکٹر حمید اللہ ملک اور دیگر موجود تھے ۔پروفیسر ندیم قمر نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ٹنڈومحمد خان اور لاڑکانہ میں جبکہ دوسرے مرحلے میں نواب شاہ (بے نظیر آباد ) ،سکھر اور خیر پور میں سیٹلائٹ یونٹس قائم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ این آئی سی وی ڈی بچوں کت دل کا آپریشن بالکل مفت کردیا گیا ہے جبکہ آئندہ چند سالوں میں تمام علاج بالکل مفت کردیا جائیگا ۔پروفیسر ندیم قمر نے کہاکہ اسپتال کے احاطے میں 250بستروں کا بچوں کا اسپتال بنایا جارہا ہے جبکہ ایک ہزار بستروں پر مشتمل عمارت بھی بنا ئی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ قومی ادارہ برائے امراض قلب اپنی خدمات کو تسلسل کے ساتھ مزید وسعت دینے کے لئے کوشاں ہے اور ان کے مختلف اقدام عوام الناس کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ امیروں کی طرح غریب اور ضرورت مندمریض بھی جدید اور مہنگے علاج کی سہولت سے مستفید ہوسکے گے ۔