قومی رینکنگ بیڈمنٹن میں بڑے بڑے برج الٹ گئے

Badminton

Badminton

پشاور (جیوڈیسک) آل پاکستان رینکنگ بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں بڑے بڑے برج الٹ گئے، پاکستان نمبر ون مراد علی اور قومی چیمپئن اویس زاہد غیر متوقع طور پر شکست سے دوچار ہوکرفائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئے، واپڈا نے مینز اور ویمنز سنگلز کے سیمی فائنلز میں کلین سوئپ کرلیا، ویمنز ڈبلز میں بھی صورتحال مختلف نہ رہی۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز پشاور گیریژن کلب میں مینز سنگلز کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نمبر ون مراد علی کو تھرڈ سیڈ واپڈ کے عبدالرحمان نے 21-15، 19-21 اور 18-21 سے اپ سیٹ شکست دی۔

دوسرے سیمی فائنل میں نیشنل چیمپئن اور رینکنگ میں پاکستان نمبر 2 واپڈا کے اویس زاہد کو پاکستان نمبر 4 واپڈا ہی کے عرفان سعید نے 21-13، 17-21 اور 15-21 سے ہراکر فائنل میں جگہ بنالی۔

ویمنز سنگلز کے دونوں سیمی فائنلز واپڈا کی کھلاڑیوں میں ہوئے، پہلے مقابلے میں پاکستان نمبر ون خضرہ رشید نے بشریٰ قیوم کو 21-18 اور 21-12 سے زیر کیا۔

فائنل تک رسائی کے دوسرے معرکے میں ماہورشہزاد نے سائرہ اکرم کو 21-17 اور 21-16 سے قابو کرلیا، مینزڈبلز کے پہلے کوارٹر فائنل میں واپڈا کے اویس زاہد اور عتیق نے پولیس کے مسعود اور طاہر کو 21-16اور 21-10 سے مات دیتے ہوئے فائنل فور میں جگہ بنائی، واپڈا کے عامر اور راجہ حسنین نے پنجاب کے مقیط اور یاور کو سخت مقابلے کے بعد 21-19 اور 21-23 سے زیر کیا، واپڈا ہی کے حاشر اور عرفان سعید نے اپنے ڈپارٹمنٹ کے شبیر اور عدنان کو21-11اور 21-11 کے یکساں اسکور سے پچھاڑا، چوتھے مقابلے میں واپڈا کے وقاص زاہد اور احسن کو مراد اور عظیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا رہا۔

ویمنز ڈبلز کوارٹر فائنلزمیں واپڈا کی صائمہ اور فرزانہ نے روشین اور زوبیا کو21-16 اور 21-17 واپڈا کی غزالہ اور ماہور شہزاد نے کے پی کے کی یسریٰ اور عائشہ کو 21-10 اور 21-09 سے ہرایا، واپڈا کی بشریٰ قیوم اور ہما نے صبائر اور سائرہ کو 21-07 اور 21-11 سے شکست دی، آخری کوارٹر فائنل میں واپڈا کی خضرہ رشید اور سعدیہ نے پنجاب کی جویریہ اور کوثر کو 21-17 اور 21-14 سے زیر کرتے ہوئے کلین سوئپ کردیا، ایونٹ کے سنگلز کے فائنلز اور مینز، ویمنز ڈبلز سیمی فائنلز منگل کو ہوں گے۔