قومی سلامتی کمیٹی: القدس پر اعلانِ ٹرمپ مسترد، قومی سلامتی پالیسی بنانے کا فیصلہ

Meeting

Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی سلامتی کمیٹی کی چرچ حملے کی شدید مذمت، القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کا امریکی فیصلہ بھی مسترد، کمیٹی نے مشیر برائے قومی سلامتی کو قوی سلامتی پالیسی کو حتمی شکل دینے کی ذمہ داری سونپ دی۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، پاک فضائیہ، بحریہ، آئی بی، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے سربراہان سمیت وزیر داخلہ احسن اقبال اور مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ شریک ہوئے۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے امریکی فیصلے سے مسلم امہ اور عالمی برادری میں خدشات پیدا ہوئے ہیں۔

سیکریٹری داخلہ نے کمیٹی کو نیشنل ایکشن پلان کے 20 نکات پر پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات اور پالیسی کے حوالے سے مزید توجہ کی ضرورت ہے۔ کمیٹی نے قومی سلامتی امور کے مشیر ناصر جنجوعہ کو تمام متعلقہ فریقین کو اعتماد میں لے کر قوی سلامتی پالیسی کو حتمی شکل دینے کی ذمہ داری سونپی۔