قومی سیکورٹی کو رسک فری بنانا فوج کی ذمہ داری ہے‘ ایم آر پی

Ameer Patti

Ameer Patti

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے کے عزم و اعلان کا خیر مقدم اور پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے افواج پاکستان کے مثبت اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ جس طرح بم دھماکوں ‘ خود کش حملوں اور ٹارگیٹ کلنگ کے ذریعے امن و امان کی صورتحال برباد کرکے قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والے دہشت گرد ملک و عوام کیلئے خطرہ ہیں۔

اسی طرح اسلحہ و منشیات کے اسمگلر ‘ کرپٹ افسران و سیاستدان ‘ قومی خزانے کے لٹیرے ‘ قرضے ہڑپنے اورمعاف کرانے والے ‘ ترقیاتی بجٹ اور عوامی منصوبوں میں خردبرد کے ذمہ داران ‘ پانی بحران پیدا کرنے اور ٹینکرمافیا بن کر پانی فروخت کرنے والے ‘ لینڈ مافیا ‘ پتھارہ مافیا‘ ٹرانسپورٹ مافیا سمیت ہر وہ فرد جو کسی بھی طرح ملک و قوم کو نقصان پہنچارہا ہے پاکستان اور عوام کے مستقبل کیلئے سیکورٹی رسک ہے اور قومی سیکورٹی کو رسک فری بنانا فوج کی ذمہ داری ہے اسلئے آرمی چیف دہشتگردوں کی سرکوبی کے ساتھ ملک و قوم دشمن سیاستدانوں ‘ بیوروکریسی اور مافیاز کیخلاف بھی آپریشن ضرب عضب کی طرح آپریشن نجات شروع کریں۔