قومی ٹیم نیوزی لینڈ کو ہرانے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہے، یونس خان

Younis Khan

Younis Khan

کراچی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے نیوزی لینڈ کے مشکل دورے میں کامیابی کیلئے گرین شرٹس کو مفید مشورے سے نواز دیا۔ یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم اپنے حالیہ دورے میں نیوزی لینڈ کو اسی کی سرزمین پر ہرانے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہے۔

کھلاڑیوں ذہنی اعتبار سے مضبوطی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اس فارم کو کیویز کے دیس میں بھی جاری رکھنا ہو گا۔ یونس خان کا کہنا تھا کہ اگر مختصر فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کے حالیہ ریکارڈز پر نظر ڈالی جائے تو نیوزی لینڈ کو ان کی سر زمین پر شکست دینا کوئی ناممکن بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کنڈیشنز کافی مشکل ہوں گی اور اپنے گراؤنڈز پر میزبان ٹیم بھی خطرناک ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹاپ اور مڈل آرڈر بیٹسمینوں کو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا کیونکہ میزبان ٹیم جارحانہ انداز میں کھیلتی ہے اور اس کیخلاف رنز کا بڑا مجموعہ حاصل کرنا ہو گا۔

یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ سرفراز احمد اچھی کپتانی کر رہے ہیں جو اسی انداز سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے تو مستقبل میں مزید کامیابیاں ان کے قدم چومیں گی۔