نواز شریف سے اڈیالہ جیل میں گورنر سندھ اور سینئر لیگی رہنما کی ملاقات

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے گورنر سندھ محمد زبیر سمیت لیگی رہنما اور کارکنان اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں آج قیدیوں سے ملاقات کا دن ہے جس کے پیش نظر سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے گورنر سندھ محمد زبیر اور سینئر لیگی رہنما راجہ ظفرالحق جیل پہنچے۔

جیل ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیار کرلی گئی جس میں شریف خاندان کے 17 جب کہ 23 (ن) لیگی رہنما ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔

جیل ذرائع کے مطابق لیگی رہنما آصف کرمانی، جاوید ہاشمی، پرویز رشید، ایاز صادق، سابق گورنر خیبرپختونخوا اور 11 لیگی وکلاء بھی ملاقاتیوں کی فہرست میں شامل ہیں جب کہ شہباز شریف اور خاندان کے دیگر افراد بھی ملاقات کریں گے۔

پنجاب کے شہر دیپالپور کا نابینا کارکن بھی نواز شریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گیا، سابق وزیراعظم سے ملاقاتیوں کی آمد کے سلسلے کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی آج ملاقات طے تھی جو منسوخ کردی گئی جب کہ جیل حکام نے وکلا کو کہا ہے کہ ملاقات کے لیے نئے وقت سے متعلق بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔

وکیل امجد پرویز کا کہنا ہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے ملاقات کی درخواست کی تھی اور جیل حکام نے آج دن گیارہ بجے ملاقات کا وقت خود طے کیا تاہم جیل پہنچنے پر فون کر کے آگاہ کیا گیا کہ آج ملاقات نہیں کرائی جا سکتی۔