نواز شریف اور آصف زرداری کی پارٹنر شپ نے ملک تباہ کر دیا: عمران خان

 Imran Khan

Imran Khan

لیہ (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لیہ میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہر پاکستانی 1 لاکھ 20 ہزار کا مقروض ہو چکا ہے، ملائشیاء کے لوگ پاکستان سے سیکھ کر آگے نکل گئے، ہم پاکستان کو دوبارہ عظیم ملک بنائیں گے اور دنیا میں سبز پاسپورٹ کی عزت کرائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ آج ریاست کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کا حقدار صرف ایک چھوٹا سا طبقہ ہے کیونکہ یہاں سڑکوں اور انڈر پاسز اور فلائی اوورز پر زیادہ پیسے خرچ کئے جاتے ہیں اور تعلیم پر کم۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو ہم پہلے عوام پر پھر میٹرو اور سڑکوں پر خرچ کریں گے، خیبر پختونخوا میں ڈیڑھ لاکھ بچے پرائیویٹ سکولوں سے سرکاری سکولوں میں آئے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا میں 2013ء میں 3 ہزار آج 9 ہزار ڈاکٹر ہیں، وہاں غریبوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کئے گئے ہیں، سرکاری ہسپتالوں کا معیار بہتر کیا گیا ہے اور آنے والی نسلوں کیلئے درخت لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کسانوں کیساتھ کھڑی ہو گی، امریکہ اور یورپ کی طرح کسانوں کی مدد کریں گے، آج یہاں دو نمبر کیڑے مار کھادیں کسانوں کو دی جاتی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ دعویٰ کرتا ہوں پاکستان سے 8 ہزار ارب اکٹھا کر کے دکھاؤں گا، مجھے قوم سب سے زیادہ فنڈز دیتی ہے، دنیا میں پاکستانیوں جتنے کھلے دل والے لوگ کہیں نہیں ہیں، ہم عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف اور میرا کوئی موازنہ نہیں، نواز شریف اپنا موازنہ سلطانہ ڈاکو سے کرو، نواز شریف کا نظریہ الیکشن میں دھاندلی کرنا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ محمود خان اچکزئی کے ضمیر کی بڑی چھوٹی قیمت لگی، اچکزئی نے اپنی حرکتوں سے پشتونوں کو شرمندہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج ہمیں ڈیزل پر پچاس فیصد ٹیکس دینا پڑتا ہے، کرپشن مافیا کو شکست ہو گی تو پاکستان میں سرمایہ کاری آئے گی، جس طرح خیبر پختونخوا پولیس ٹھیک کی اسی طرح تمام ادارے ٹھیک کر کے دکھائیں گے۔