ہو سکتا ہے میری نواز شریف سے راہیں جدا ہو جائیں، چوہدری نثار

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا مجھ پر نہیں بلکہ میرا ان پر اور ان کے خاندان پر قرض ہے جب کہ ہو سکتا ہے میری نواز شریف سے راہیں جدا ہو جائیں۔

این اے 59 میں الیکشن مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا ہے کہ مخالفین کو علم ہونا چاہیے میں اکیلا نہیں ہوں اور وہ ہمارا راستہ روک نہیں سکتے، 25 جولائی کو ہمارے مخالفین کی صندوقچیاں خالیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ ہو وہ اکیلا نہیں ہو سکتا اور مخلوق خدا جس کے ساتھ ہو اس کو کوئی ہرا نہیں سکتا۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ چاہتا تھا کہ آج (ن) لیگ اور نوازشریف کے حوالے سے کھلی باتیں کروں، میں آج جو بات کرنا چاہتا تھا بہت اچھا موقع تھا مگر میں آپ سے معذرت خواہ ہوں کیوں کہ بیگم کلثوم نوازکی طبیعت خراب ہے اور شریف خاندان مشکل حالات میں ہے، بیگم کلثوم نواز کی حالت کے حوالے سے بہت سوچا میرے دل نے اس بات کی اجازت نہیں دی ورنہ نوازشریف اور ان کی بیٹی کا جو کردار رہا وہ سامنےلانا چاہتا تھا۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ 34 سال سے میں نے نواز شریف کا بوجھ اٹھایا، نواز شریف کا مجھ پر نہیں بلکہ میرا ان پر اور ان کے خاندان پر قرض ہے، اس جماعت کی ایک ایک اینٹ میں نے رکھی ہے جب کہ ہو سکتا ہے میری نواز شریف سے راہیں جدا ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پارٹی بنا رہے تھے تو اس وقت 15،20 لوگ تھے جن میں سے آج ایک بھی شخص مسلم لیگ (ن) میں شامل نہیں ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ ان دنوں کسی ایک کو آگے کرنا تھا تو فیصلہ کیا کہ نواز شریف کو آگے کرنا چاہیے ورنہ وہ سینئر ارکان کی موجودگی میں پارٹی سربراہی کی اہل نہیں تھے اور نہ ہم سے زیادہ سیاسی سوچ کے مالک تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالٰی، قوم اور نواز شریف سب کے سامنے جوابدہ ہوں، کسی کے پیچھے ہاتھ باندھ کرکھڑا نہیں ہوا،چاپلوسی نہیں کی، کوئی کام اپنے اصولوں کے خلاف نہیں کیا، سر اٹھا کر سیاست کی، میں نہ بکنے والا ہوں نہ ضمیر فروش ہوں،سیاست عزت کیلیے کروں گا۔