نواز شریف دو روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے، شاندار استقبال

Nawaz Sharif Qatar Visit

Nawaz Sharif Qatar Visit

قطر (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے۔ دیوان امیری میں استقبالیہ تقریب میں وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دورے میں ایل این جی معاہدے پر دستخط ہونگے۔

جے ایف تھنڈر بھی قطر کی فضاؤں میں مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف قطر پہنچنے تو اُن کے اعزاز میں دیوان امیری میں استقبالیہ دیا گیا، اس موقع پر دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے ۔ وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

وزیر اعظم نے اپنے قطری ہم منصب کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ وزیر اعظم نے وفد کے ہمراہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد بن خلیفہ الثانی سے ملاقات کی جس میں توانائی، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔

اس سے پہلے دوحہ پہنچے پر وزیر اعظم اور ان کے وفد کا استقبال قطر کے وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی نے کیا جبکہ قطر کے وزیر توانائی ڈاکٹر محمد بن صالح بھی ائیر پورٹ پر موجود تھے۔

وزیر اعظم کے دو روزہ دورہ قطر میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، شاہد خاقان عباسی، ائیر چیف سہیل امان وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ ہیں۔