نواز شریف کو الیکشن طالبان، جسٹس افتخار اور جنرل کیانی نے جتوایا، قمر زمان کائرہ

Qamar Zaman Kaira

Qamar Zaman Kaira

کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ 2013ء میں نواز شریف کسی اور کے ایجنڈے کے ساتھ آئے تھے اور انہیں الیکشن طالبان، جسٹس افتخار اور جنرل کیانی نے جتوایا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نواز شریف پیشیاں کرپشن کی وجہ سے بھگت رہے ہیں، خدمت کا بھاشن نہ دیں، 2013ء میں نواز شریف کسی اور کے ایجنڈے کے ساتھ آئے تھے، 2013ء کا الیکشن نواز شریف کو طالبان، جسٹس افتخار اور جنرل کیانی نے جتوایا تھا، میمو اسکینڈل میں کس کے کہنے پر نواز شریف نے کالا کوٹ پہنا تھا؟ کراچی آپریشن میں بھی (ن) لیگ کا کوئی حصہ نہیں، الطاف حسین تو ان کے اتحادی تھے، کراچی آپریشن کا کریڈٹ رینجرز اور سندھ پولیس کو جاتا ہے اس حوالے سے سندھ پولیس کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردوں اور انتہا پسندوں سے کبھی نہیں ڈری، دہشت گردوں سے اگر کوئی خوف زدہ تھا تو وہ (ن) لیگ تھی، جب ہم پر حملے ہورہے تھے، جی ایچ کیو نشانہ بن رہا تھا یہ طالبان کو خوش کررہے تھے، میاں برادران اس وقت طالبان سے التجا کرتے تھے کہ پنجاب نہ آنا، باجوڑ اور وزیرستان آپریشن ہمارے دور میں شروع ہوئے، سب سے پہلا آپریشن سوات میں پیپلز پارٹی نے کیا، 30 لاکھ لوگوں کو 3 مہینے میں ان کے گھروں میں آباد کیا، ہم نے جنوبی وزیرستان آپریشن کا بھی فیصلہ کیا لیکن جنرل کیانی نے کہا وقت کا تعین وہ کریں گے۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ جب فوجی جوان شہادتیں دے رہے تھے (ن) لیگ طالبان سے مذاکرات کا مطالبہ کررہی تھی، نوز شریف کے ساتھ عمران خان بھی طالبان کے لیے جلوس نکال رہے تھے، عمران خان تو طالبان کو پشاور میں دفتر کھول کر دینا چاہتے تھے۔