نواز شریف خاندان کا مقصد سیاست اقتدار میں آکر ذاتی بزنس بنانا ہے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) قائد تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف خاندان کا مقصد سیاست اقتدار میں آکر ذاتی بزنس ہے اگر اس بزنس میں پاکستان کا فائدہ ہوجائے تو ہوجائے ورنہ نواز شریف کو عام آدمی اور ملک سے کچھ غرض نہیں (ن) لیگ اور پاکستان تحریک انصاف میں یہی فرق ہے۔

انہوں نے حامد ناصر چٹھہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ آپ کا مسلم لیگ سے بچپن سے لگائو ہے میرا بھی ہے مگر اس مسلم لیگ سے جس کاتعلق قائد اعظم سے تھا جس کا منشور اب پاکستان تحریک انصاف آگے لیکر چل رہی ہے۔نواز شریف سے ہمارا اختلاف یہ ہے کہ وہ سرمایہ دار کو نوازتا ہے جس کے دورمیں امیر امیر تر اور غریب مزید غریب ہوجاتا ہے۔

وزیرآباد کے علاقہ احمد نگر میں حامد ناصر چٹھہ کی رہائشگاہ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مغرب میں اور ہم میں فرق یہ ہے وہاں پیسے والوں سے ٹیکس لیکرعوام کی صحت، روزگار ، انصاف جیسے معاملات پر خرچ کیا جاتا ہے مغرب میں اگر ایک عام آدمی اپنے بچوں کو سکول بھیجنے کی سکت نہیں رکھتا تو بھی اس کی تعلیم کا خرچ حکومت برداشت کرتی ہے جہاں غریبوں کو تعلیم کیساتھ علاج معالجہ اور انصاف کی فری سہولیات ملتی ہیں غریبوں کو فری وکیل ، رہائش کی سہولتیں ملتی ہیںایسی ریاست کو فلاحی ریاست کہا جاتا ہے قائد اعظم پاکستان کو ایسی ہی رہاست دیکھنا چاہتے تھے ۔ قائد تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستانی تاریخ میں اس وقت بے روزگاری کی شرح بدترین سطح پر پہنچ چکی ہے صورتحال یہ ہے کہ قرضوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارا منشور ہے کہ ملک کے عام آدمی کو انصاف روزگار ، علاج معالجہ کی بلاتفریق سہولیات میسر آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ میاں برادران 27 کلو میٹر کی اورنج ٹرین کیلئے 200 ارب لگا سکتے ہیں جس پر ہر سال مزید 6ارب روپے خرچ ہوں گے مگر غریبوں کیلئے ان کے پاس کچھ نہیں ۔عالمی منڈی میں تیل سستا ہونے کے باوجود ڈیزل کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے کسانوں کو کچھ فائدہ نہیںہوا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سستی بجلی، سستی کھاد اور سستے قرضے دیئے جاتے تو دیہاتوں میں انقلاب آجاتا مگر نواز شرف کا یہ مشن نہیں اس کا مشن اورنج ٹرین ،میٹر و بسز اور بڑی بے مقصد سڑکوں پر پیسے لگا کر کمیشن بنانے کا ہے 100 میں سے 70 روپے لگائو اور 30 جیب میں ڈالو ۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا ایک غریب بیٹا 700 کروڑ روپے کے گھر میں رہتا ہے 200 ارب کی فیکٹری نواز شریف نے کہاں سے بنائی۔

عمران خان نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔ اسحاق ڈار اربوں کے اثاثے دبئی میں ہے جو بیس سال پہلے نہیں تھے کوئی پوچھنے والا نہیں کہ اتنا سرمایہ کہاں سے آیا ۔ایسا نظام لائیں گے جس میں عام آدمی حکمرانوں سے پوچھ سکیں۔ انشاء اﷲ سب سے پہلے پاکستان پر سرمایہ کاری کریں گے عام آدمی کی تعلیم اور صحت پر رقم خرچ کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں شعبہ صحت میں اصلاحات لارہے ہیں ان اصلاحات پر سبھی اپوزیشن پارٹیاں متفق تھیں جو آج واویلا مچا رہی ہیں اور ڈاکٹروں کو اکسا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں اصلاحات ایکٹ پاس کرنے پر دو سال لگے ہیں ہم صوبہ خیبرپختونخواہ کے ہسپتالوں میں شوکت خانم جیسا نظام لائیں گے جہاں غریب اور امیر کا ایک جیسا ہی علاج ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ میاں برادران کی ساری ترقی قومی خزانے سے لگائے گئے اشتہاروں تک محدو د ہے نندی پور کی صورتحال سب کے سامنے ہے ۔انہوں نے حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ کی تحریک انصاف میں شمولیت کو حلقہ کے عوام کی ترقی کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ انہیں باکردار گھرانے سے خدمتگار امیدوار مل گیا ہے انشاء اﷲ22 مارچ کوحلقہ NA101 سے تحریک انصاف کی جیت ہوگی۔ اس موقعہ پر سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور، شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، حامد ناصر چٹھہ ،احمد چٹھہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔