نواز شریف کے پاس حکومت کرنے کا اخلاقی جواز باقی نہیں رہا : عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے پاس اب حکومت کرنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ ٹیکس چوری، کرپشن اور الیکشن کمیشن کے ساتھ فراڈ کرنے کے حوالے سے تمام شواہد سامنے آ چکے ہیں اور ان تمام شواہد کی روشنی میں پوری قوم اور اپوزیشن اس بات پر متفق ہے کہ ہمیں وزیر اعظم سے تمام کرپشن کا جواب چاہیئے۔

عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم سے ہمیں کچھ اور نہیں پوچھنا وہ صرف اس بات کا جواب دیں کہ ان کا اور ان کے بچوں کا تمام پیسہ ملک سے باہر کیسے گیا ، حسین نواز نے بیرون ملک اتنے مہنگے فلیٹس خریدے اس کیلئے ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا ، کیا یہ پیسہ پاکستانی تھا جو فلیٹوں کی خرید و فروخت کیلئے استعمال کیا گیا اگر ایسا ہے تو اس کا جواب دیا جائے کہ پاکستانی پیسے کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک کیسے منتقل کیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس کی جانب سے سکینڈل کی خبر کی اشاعت پر معافی مانگنے کا الزام بے بنیاد اور غلط ہے ، پاناما لیکس نے نواز شریف کے حوالے سے خبر کی اشاعت پر کوئی معافی نہیں مانگی اور نہ ہی اس خبر میں کوئی حقیقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اس وقت شدید پریشانی کا سامنا ہے اور وہ پریشانی کے عالم میں رابطے کرنے کیلئے ادھر ادھر بھاگ دوڑ کر رہے ہیں۔