نواز شریف نے فرد جرم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) نواز شریف نے احتساب عدالت کی جانب سے تین الگ الگ فرد جرم کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا، سابق وزیراعظم نے عدالت عالیہ سے 19 اکتوبر کو عائد کی گئی فردجرم کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے نیب ریفرنسز میں فرد جرم کیخلاف درخواست آصف کرمانی کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی ہے۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے تین ریفرنسز میں الگ الگ فرد جرم خلاف قانون ہے۔

تینوں ریفرنسز کو یکجا کر کے فرد جرم عائد کی جائے، مقدمات یکجا کرنے تک احتساب عدالت کو مزید کاروائی سے روکا جائے، تینوں مقدمات کی نوعیت، گواہ، الزامات ایک جیسے ہیں، آئین کے مطابق فئیرٹرائل بنیادی حق ہے۔

احتساب عدالت نے تینوں مقدمات یکجا کرنے کی استدعا مسترد کی، اسلام آباد ہائیکورٹ 19 اکتوبر کو احتساب عدالت کی جانب سے عائد کی جانے والی فرد جرم کالعدم قرار دے، درخواست میں چیئرمین نیب اور جج احتساب عدالت کو فریق بنایا گیا ہے۔