نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے، رانا مبشر اقبال

PML-N

PML-N

لاہور (پریس ریلیز پاکستان مسلم لیگ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قومی رہنما،کوارڈئینیٹر وزیراعلیٰ پنجاب رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی اور توانائی بحران کا سامنا ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ سیاسی وً عسکری قیادت نے مل کر دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کا فیصلہ کیا اور 3 برس کے دوران دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے شاندار کامیابیاں ملی ہیں۔پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے۔آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ د ی ہے۔

پاکستانی قوم اور افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جرأت و شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔دہشت گردی کے واقعات میں 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے جام شہادت نوش کیا جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کیلئے اقوام عالم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس فورس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے جدید آلات اور تربیت سے لیس انسداد دہشت گردی فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ رانا مبشر نے واضح کیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک اور خطے میں امن کا خواہاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار آج صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صحافیوںسے خطے میں امن و امان کی صورتحال، مسئلہ کشمیر، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات، ترقیاتی منصوبوں، سی پیک اور دیگر اہم امور کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا ضروری ہے۔ کشمیری عوام اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر کی انتہا کردی ہے۔بھارت ظلم و ستم کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو نہیں دبا سکتا کیونکہ کشمیر کا مسئلہ انسانیت ، انسانی حقوق اور آزادی کا مسئلہ ہے۔عالمی ضمیر کو اب جاگنا ہوگا اور بھارتی مظالم کو روکنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔