نواز شریف اور مریم نواز کا اگلے ہفتے وطن واپسی کا فیصلہ

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا۔ اگلے ایک ہفتے میں پاکستان میں ہوں گے، مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا وطن واپسی کا فیصلہ سینئر لیگی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ نواز شریف نے مختلف شہروں میں انتخابی مہم چلانے کیلئے انتظامات کی بھی ہدایت کر دی۔ لندن میں بیگم کلثوم نواز کا آج تفصیلی طبی معائنہ ہوگا اور سی ٹی اسکین بھی کیا جا ئیگا۔

منگل کو نواز شریف کی ڈاکٹرز سے تفصیلی ملاقات ہوگی اور پھر وطن واپسی کی تیاری کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے جلد وطن واپسی کا فیصلہ پارٹی ورکرز اور رہنماؤں کے دباؤ پر کیا ہے، مریم نواز کی پہلے وطن واپسی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز لندن میں میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیرِاعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا سینیٹ الیکشن والا کھیل عام انتخابات میں بھی کھیلا جا رہا ہے، تصدیق کئے بغیر کبھی کوئی بات نہیں کی، اقبال سراج سے تشدد سے متعلق حقائق کی تصدیق کی تھی۔