نواز شریف کا دورہ حیدرآباد، 100 کروڑ روپے دینے کا اعلان

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

حیدرآباد (جیوڈیسک) پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں یونیورسٹی اور ائیرپورٹ کی تعمیر سمیت 100 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔

وزیر اعظم پیر کو مختصر دورے پر حیدرآباد پہنچے تھے جہاں انہوں نے مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کا جوش و خروش دیکھ کر وہ بہت خوش ہیں۔ 2013ء تک پاکستان میں دہشت گردی سے برا حال تھا، کہیں سکون نہیں تھا، ہم نے دہشت گردی کی کمر توڑ دی ہے۔

انہوں نے کراچی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کو سکون کا سانس لینے کا موقع ملا ہے اب وہاں کے لوگ خوفزدہ نہیں۔ کاروباری پوزیشن بھی بہتر ہے۔ وہاں جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر ضرور لگے ہیں، لیکن کل اور آج کے کراچی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ کراچی ترقی کرے گا تو پورا ملک ترقی کرے گا۔

خطاب کے دوران ہی نواز شریف نے بلدیاتی کاموں کے لئے 50 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔

ساتھ ہی، انہوں نے شہر میں یونیورسٹی اور ائیرپورٹ تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’بہت جلد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا‘‘۔

انہوں نے عوامی جوش و جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ تبدیلی کا پیش خیمہ ہے۔ ایسا ہی جذبہ انہیں پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بھی نظر آتا ہے‘‘۔

ان کا یہ کہنا بھی تھا کہ ’’پاکستان تبدیل ہو رہا ہے۔ ایک نیا پاکستان بن رہا ہے۔ سی پیک کے فائدے پورے ملک کو پہنچ رہے ہیں۔ ملک سے جلد غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا اور آئندہ سالوں پاکستان کا شمار بھی دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں میں ہونے لگے گا‘‘۔

وزیر اعظم نے شہر میں اچھے تعلیمی ادارے، اسپتال اور کراچی سے حیدرآباد تک موٹر وے تعمیر کرنے کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ غریب عوام کے لئے ہیلتھ کارڈ کا تحفہ لائے ہیں، جبکہ یہاں جلد ہی میٹرو بس کا بھی آغاز ہو گا۔