نواز شریف کو پارٹی کی صدارت کیلئے کسی مہر کی ضرورت نہیں: مریم نواز

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

سرگودھا (جیوڈیسک) مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو پارٹی کی صدارت کیلئے کسی کی مہر کی ضرورت نہیں، کبھی دیکھا کہ پوری جماعت کو الیکشن سے باہر کر دیا ہو، یہ مذاق نواز شریف کے ساتھ نہیں ، عوام کے ساتھ ہوا، ڈاکا ووٹ کی پرچیوں پر ڈالا گیا۔

مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پر اپنی رائے مسلط کرنا آمریت ہے، آمریت کے اندھیروں کو ملک سے مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا پہلے وزارت عظمیٰ چھینی، پھر پارٹی صدارت بھی چھین لی، ان عقلمندوں کو سمجھاؤ کہ نواز شریف کی محبت دل میں ہے، آئندہ انتخابات میں بھی ن لیگ ہی کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا آج آپکی عدالت میں پاکستان کا مقدمہ لائی ہوں، آپ کی جماعت کو سینیٹ الیکشن سے اٹھا کر باہر پھینک دیا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازشریف نے موٹرویز، سی پیک ، بجلی کے منصوبے اور اورنج لائن بنائی، اگر نواز شریف کیخلاف کوئی کرپشن ہے تو ثابت کریں۔ انہوں نے کہا آج تک کسی نے نہیں کہا کہ نواز شریف نے 5 روپے کی بھی کرپشن کی ہے۔

کرپشن ثابت نہیں ہوئی اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا۔ ان کا کہنا تھا عدلیہ بحالی کی تحریک نواز شریف نے چلائی تھی، انتقام نے مسلم لیگ ن کو اور بھی طاقتور کر دیا ہے۔