اوچھے ہتھکنڈوں سے نواز شریف کی مقبولیت کم نہیں ہو سکتی، مریم نواز

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

راولپنڈی (جیوڈیسک) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین کے اوچھے ہتھکنڈوں سے نواز شریف کی مقبولیت کم نہیں ہو سکتی، مذمتی بیان جاری کر دینے سے کیا لوگ معاف کر دیں گے

مریم نواز شریف کا راولپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب میں کہنا تھا کہ آج صبح میرے دل کو بہت تکلیف پہنچی، مجھے پتہ ہے جو آپ کے لیڈر کے ساتھ صبح کیا گیا اس کا آپ کو دکھ ہے لیکن جو حق کے راستے پر ہوتا ہے اس کی راہ میں مشکلات آتی ہیں، آپ کا لیڈر نواز شریف حق اور سچ کے راستے پر ہے۔

آپ کا لیڈر نہ دھونس سے پیچھے ہٹا نہ دھرنوں، سازشوں اور فتنوں سے پیچھے ہٹا۔ گیدڑوں کے ڈر سے شیروں کے قافلے نہیں رکتے۔ مخالفین کے اوچھے ہتھکنڈوں کے وجہ سے نواز شریف کے چاہنے والوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ نواز شریف دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنا جانتا ہے۔ میں بھی آپ کے بہادر لیڈر کی بیٹی ہوں۔ یہ جذبہ نہیں جلسہ نہیں یہ انقلاب ہے، یہ بیداری کی لہر ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج صبح آپ نے یہ حرکت کی لیکن اس کے چند گھنٹوں بعد میں آپ کے سامنے کھڑی ہوں، ہمت ہے تو آؤ۔ گھٹیا حرکتیں ہمیشہ ہارنے والا ہی کرتا ہے، جیتنے والا گھٹیا حرکتیں کبھی نہیں کرتا۔ جب دلیل ختم ہوجاتی ہے تو اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آتے ہیں۔

مخالفین کو جب ناکامی سامنے نظر آنے لگی تو اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے۔ ایک مذمتی بیان جاری کر دینے سے کیا تم سمجھتے ہوکہ لوگ تمہیں معاف کر دیں گے، بزدلوں کے واروں کو سینے پر لینے والا نواز شریف ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف حق، سچ اور آئین وقانون کی بالادستی کی جنگ لڑ رہا ہے، فکر نہ کرو، ہم شکوہ اور شکایت نہیں کریں گے، اللہ فتح دے گا۔

مریم نواز شریف کے خطاب کے موقع پر ایک کارکن ترازو لے آیا، جسے مریم نواز نے ڈائس کے قریب منگوایا اور کہا کہ انصاف کے ترازو کے جھکے ہوئے پلڑے میں لاڈلہ بیٹھا ہے۔ نواز شریف کیخلاف دو سال سے مقدمات چل رہے ہیں، چھ ماہ کا وقت دیا گیا لیکن چھ روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ نیب عدالت میں چھ ماہ ختم ہو چکے ہیں، والدہ کو گلے کا کینسر دوبارہ شروع ہو گیا ہے، چار ماہ ہو گئے ہمیں لندن جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔